0
Friday 22 May 2020 14:45

سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 20 ہزار 883 تک جا پہنچی

سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 20 ہزار 883 تک جا پہنچی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 20 ہزار 883 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں کورونا کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6023 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح صوبے میں کورونا کے ایک لاکھ 49 ہزار 566 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 959 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد سندھ میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 20 ہزار 883 ہوگئی ہے، آج 660 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، جس کے بعد کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 7015 ہوگئی ہے، اس وقت 13528 مریض زیر علاج ہیں، زیر علاج مریضوں میں 11895 گھروں میں اور 797 مراکز، جبکہ 836 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 668 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد کراچی میں کورونا وائرس کی کیسز کی تعداد 16 ہزار 292 ہوگئی ہے، 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کے ضلع شرقی سے 253، جنوبی سے 114، کورنگی اور ضلع وسطی میں 103، 103، ضلع غربی میں 70 اور ملیر میں 25 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، اس کے علاوہ گھوٹکی سے 25، سکھر سے 14، ٹھٹہ میں 13، شکارپور 10، لاڑکانہ 9، حیدرآباد 7، جامشورو میں 6، قمبر شہدادکوٹ میں 5، خیرپور اور شہید بینظیرآباد میں 3، 3، سانگھڑ میں 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس نے 24 گھنٹوں کے دوران 4 مزید جانیں لے لیں، جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 340 ہوگئی، 170 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، جن میں سے 41 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو کورونا کی وبا کے باعث عید سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عید پر لوگ گھروں میں رہیں، سماجی دوری سمیت احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے، موجودہ حالت میں ہم سب رسک پر آگئے ہیں اور سب کو خیال رکھنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 864224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش