0
Friday 22 May 2020 20:56
مسئلہ فلسطین پر خاموشی صیہونیت کو تقویت دینے کے مترادف ہے

لاہور کی مال روڈ پر یوم القدس ریلی، امریکہ و اسرائیل مردہ باد کے نعرے

بیت المقدس کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، احمد اقبال رضوی کا خطاب
لاہور کی مال روڈ پر یوم القدس ریلی، امریکہ و اسرائیل مردہ باد کے نعرے
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام لاہور میں مال روڈ پر ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک یوم القدس کی مناسبت سے القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا مقصد کشمیر، فلسطین اور یمن سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت اور طاغوتی طاقتوں سے نفرت و بیزاری کا اظہار کرنا تھا۔ ریلی کی قیادت مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کی۔ ریلی میں حکومتی ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے محدود تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ دنیا کے تمام مسائل و مشکلات کے ذمہ دار ہیں، مسلمان کبھی بھی ارض مقدس فلسطین جو کہ انبیاء کرام علیہم السلام کی سرزمین ہے کو فراموش نہیں کرینگے، بیت المقدس کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، ان شاءاللہ اسی صدی میں ہی بیت المقدس آزاد ہوگا۔

مقررین نے کہا کہ آج دنیا بھر میں امریکہ اور اس کے حواری ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں، ہم مظلومینِ جہاں کی حمایت و نصرت جاری رکھیں گے چاہے اس راہ میں جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔ ریلی سے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنما سمیت دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرتے ہوئے شرکاء نے ضروری فاصلہ برقرار رکھا۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل، امریکہ اور بھارت کیخلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے استکباری قوتوں کیخلاف  فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ مقررین نے کہا القدس مسلمان حکمرانوں کی ہمدردیاں جانچنے کا بہترین پیمانہ ہے، جن مسلم حکمرانوں کے دل میں اسلام کا درد ہے وہ قدس پر  بے چین و بے قرار ہیں اور جو مسلمان قبلہ اول پر طاغوتی قبضے سے لاتعلقی ظاہر کر رہے ہیں انہوں نے محض اسلام کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ ان کے دل یہود ونصاریٰ کیلئے دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیر اور یمن سمیت دنیا بھر کے مظلومین کیلئے آواز بلند کرنا ہم سب کی شرعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

مقررین نے کہا کہ قدس سے ہماری روح ہماری سانس کا رشتہ ہے۔ القدس پر  مسلمانوں کا حق ایک اٹل حقیقت ہے جسے کوئی بھی باشعور انسان جھٹلا نہیں سکتا۔ مسئلہ فلسطین پر خاموشی صیہونیت کو تقویت دینے کے مترادف ہے، مسلمانوں کے قبلہ اول پر صیہونیوں کے قبضے کیخلاف آج پوری دنیا میں آواز بلند ہو رہی ہے۔ کشمیر و فلسطین کا تنازع محض کسی زمین کے ٹکڑے کے حصول کیلئے نہیں بلکہ ایک تاریخی حقیقت کو جھٹلانے اور نہتے مسلمانوں پر یہود و ہنود کی ظالمانہ کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ بننے کیلئے ہے۔ عالم اسلام کو دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں دو ٹوک موقف اختیار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ آج کشمیر، فلسطین، یمن اور بحرین سمیت ہر طرف صرف مسلمانوں کا لہو بہہ رہا ہے۔ مسلمانوں نے اپنی عملی زندگی میں اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی بجائے دنیاوی خداؤں کی پیروی شروع کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی بربادی کی اصل وجہ یہی ہے۔ انہوں نے کہا حق وباطل کے جدا جدا ہونے کا اب وقت آگیا ہے۔ عالم اسلام کو اب ایک دوسرے کا بازو بننا ہو گا۔ امت مسلمہ کی مشکلات پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے والے مسلمان حکمرانوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہ قبلہ اول پوری مسلمہ امہ کا مشترکہ مسئلہ ہے اس ہر عالم اسلام کو یک زبان ہونا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 864275
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش