0
Friday 22 May 2020 21:07
حکمران بھی امریکہ کی خوشنودی کی بجائے، فلسطینیوں کا ساتھ دیں

بیت المقدس امت مسلمہ کی عزت و غیرت کا مسئلہ ہے، سبطین سبزواری

بیت المقدس امت مسلمہ کی عزت و غیرت کا مسئلہ ہے، سبطین سبزواری
اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر شیعہ علما کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں نماز جمعتہ الوداع کے بعد القدس ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور میں صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی قیادت میں القدس ریلی پریس کلب سے پی آئی اے بلڈنگ تک نکالی گئی۔ مظاہرین نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے تحت سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا اور مختصر ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ بیت المقدس امت مسلمہ کی عزت و غیرت کا مسئلہ ہے۔ امام خمینی کے حکم پر اسلامی جمہوریہ ایران نے عالمی سطح پر یوم القدس کو منانا شروع کیا۔ پاکستان میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی قیادت میں یوم القدس منانے کا سلسلہ شروع ہوا، پھر ان کی شہادت کے بعد 32 سال سے علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر پاکستان میں یوم القدس منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مکتب اہلبیتؑ کے ماننے والوں نے یوم القدس شروع کیا مگر اب اہلسنت برادران کی اس میں شمولیت کے شکر گزار ہیں، فلسطینیوں کی حمایت میں اٹھنے والی آوازوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور ان شاءاللہ وہ دن دور نہیں جب شیعہ سنی اتحاد کیساتھ بیت المقدس آزاد ہوگا اور ہم وہاں نماز ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے پنجوں سے بیت المقدس کو آزاد کروانے کیلئے شیعہ سنی اتحاد کیساتھ ایران اور سعودی عرب تنازع کو بھی ختم کرنا چاہئے۔ حکمران بھی امریکہ کی خوشنودی کی بجائے، فلسطینیوں کے حقوق کیلئے حماس اور حزب اللہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی طرف قدم فلسطینیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوگا اور شدید عوام رد عمل ہوگا۔ ریلی میں علامہ محمد افضل حیدری، مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا غلام باقر گھلو، شبیر نقوی، قاسم علی قاسمی، شوکت علی اعوان، جعفر علی شاہ اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔

مساجد میں نماز جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں منظور کی گئی قراردادوں میں ناجائز اسرائیلی ریاست کے وجود کو مسترد کرتے ہوئے فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ فلسطین کی آزادی اور یہودی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مسلم ممالک کو ایک ایجنڈے پر متفق ہونا ہوگا۔ کچھ مسلم ممالک کا اسرائیل کی طرف جھکاو مظلوم فلسطینیوں کی آزادی میں رکاوٹ ہے۔ امریکہ اسرائیل کے مظالم کی حمایت کرکے شیطانیت اظہار کر رہا ہے۔ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، ہر صورت میں آزاد ہو کر رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 864279
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش