0
Friday 22 May 2020 21:35
آزادی بیت المقدس بائیک و کار ریلی میں حکومتی ایس او پیز کے تحت ہزاروں افراد کی شرکت

عالمی یوم القدس، کراچی میں تحریک آزادی القدس و آئی ایس او کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلی

عالمی یوم القدس، کراچی میں تحریک آزادی القدس و آئی ایس او کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلی
اسلام ٹائمز۔ تحریک آزادی القدس پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام شہر کراچی میں جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پر آزادی بیت المقدس بائیک اور کار ریلی حکومتی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے نکالی گئی، جس میں ہزاروں حامیان بیت المقدس اپنی موٹر سائیکلوں اور کاروں کے ساتھ شریک ہوئے، شرکائے ریلی نے سماجی دوری برقرار رکھتے ہوئے پاکستان اور فلسطین کے پرچم ہاتھوں میں تھام رکھا تھا، شرکاء ریلی کی جانب سے انبیاء کی مقدس سرزمین پر ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کے قبضے اور ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی گئی، اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علی اویس اور علامہ صادق تقوی نے خصوصی خطاب کیا۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری علی اویس کا کہنا تھا کہ عالمی استعماری طاقتیں مقدس سرزمین پر ناجائز ریاست کے استحکام کیلئے کوشاں ہیں، تو دوسری جانب امت مسلمہ اور عرب حکمرانوں کی معنی خیز خاموشی فلسطینیوں کیلیے زہرِ قاتل ثابت ہو رہی ہے، افسوس ہے کہ امت مسلمہ اور عرب لیگ کی خاموشی پر جو اس قدر اسرائیلی مظالم کے باوجود خواب غفلت میں ہے۔

علی اویس نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود صہیونی دہشتگردوں نے فلسطین کے سرزمین کو مظلوموں کے خون سے رنگ رہے ہیں، جبکہ او آئی سی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مرکزی جنرل سیکرٹری علی اویس نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب رہبر معظم کی صیہونیت کے خاتمے، فلسطین کی آزادی اور بیت المقدس میں نماز ادا کرنے کی سنائی گئی نوید پوری ہوگی۔ مرکزی جنرل سیکریٹری نے وطن عزیز میں سازش کے تحت فرقہ وارانہ فسادات کرانے کے منصوبے سے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو اتحاد و وحدت قائم کرنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل صرف اور صرف وحدت میں ہے، اتحاد ہوگا تو کشمیر تا فلسطین تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

مرکزی جنرل سیکریٹری آئی ایس او کا مزید کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے ناجائز ریاست قرار دیا تھا، اسی لیے پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کا سفر ممنوع ہے، لہٰذا حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے۔ اس موقع پر علامہ صادق تقوی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مائیک پومپیو کی جانب سے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے فلسطین کے حق میں دیئے گئے بیان کو یہود مخالف بیان قرار دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کا سب سے بڑا دشمن خود امریکا ہے اور انسانی حقوق کی پامالی کا الزام حق پرستوں پر لگانا کسی مذاق سے کم نہیں۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالخلافہ تسلیم کرنیکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی سرزمین نہر سے بہر تک فلسطین کی ہے، مسئلہ فلسطین کا حل عوامی ریفرنڈم ہے، لیکن عالمی طاقتوں کی  جانب سے فلسطین کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں۔

علامہ صادق تقوی نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور صہیونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلم ممالک کو ایک پیج پر آنا ہوگا، صدی کی ڈیل کے نام پر اسرائیل کو تسلیم کروانے کا منصوبہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، جبکہ اس معاملے میں نام نہاد مسلم ممالک کا اسرائیل کی طرف جھکاؤ مظلوم فلسطینیوں کی آزادی میں رکاوٹ ہے۔ ریلی کے اختتام پر ملیر ماڈل کالونی میں گرنے والے پی آئی اے کے طیارے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔ لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں، جبکہ عوام سے عید سادگی سے منانے کی بھی اپیل کی۔ اختتام میں امریکی و اسرائیلی جھنڈے بھی نذر آتش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 864286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش