QR CodeQR Code

اسلام آباد، آئی ایس او، ایم ڈبلیو ایم اور شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام عظیم الشان قدس ریلی کا انعقاد

22 May 2020 22:05

ریلی سے انجمن جانثاران اہلیبت کے زاہد جعفری نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں آئی ایس او پاکستان، ایم ڈبلیو ایم، شیعہ علماء کونسل، انجمن جانثاران اہلبیتؑ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے علاوہ بزرگوں اور جوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ عالمی یوم القدس کے موقع پر پاکستان کے دیگر شہروں کیطرح اسلام آباد میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان اسلام آباد کے زیراہتمام عظیم الشان ریلی منعقد ہوئی۔ نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ جی سکس ٹو سے شروع ہونیوالی ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، آئی ایس او پاکستان کے ڈویژنل صدر، ملی یجکہتی کونسل کے رہنماء ثاقب اکبر سمیت شخصیات نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا القدس مسلمان حکمرانوں کی ہمدردیاں جانچنے کا بہترین پیمانہ ہے، جن مسلم حکمرانوں کے دل میں اسلام کا درد ہے وہ قدس پر بے چین و بے قرار ہیں اور جو مسلمان قبلہ اول پر طاغوتی قبضے سے لاتعلقی ظاہر کر رہے ہیں انہوں نے محض اسلام کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، ان کے دل یہود و نصاریٰ کے لیے دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیر اور یمن سمیت دنیا بھر کے مظلومین کے لیے آواز بلند کرنا ہم سب کی شرعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، قدس سے ہماری روح ہماری سانس کا رشتہ ہے، القدس پر مسلمانوں کا حق ایک اٹل حقیقت ہے جسے کوئی بھی باشعور انسان جھٹلا نہیں سکتا، مسئلہ فلسطین پر خاموشی صیہونیت کو تقویت دینے کے مترادف ہے، مسلمانوں کے قبلہ اول پر صیہونیوں کے قبضے کے خلاف آج پوری دنیا میں آواز بلند ہو رہی ہے، کشمیر و فلسطین کا تنازع محض کسی زمین کے ٹکڑے کے حصول کے لیے نہیں بلکہ ایک تاریخی حقیقت کو جھٹلانے اور نہتے مسلمانوں پر یہود و ہنود کی ظالمانہ کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ بننے کے لیے ہے، عالم اسلام کو دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں دو ٹوک موقف اختیار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ آج کشمیر، فلسطین، یمن اور بحرین سمیت ہر طرف صرف مسلمانوں کا لہو بہہ رہا ہے۔ آئی ایس او کے ڈویژنل رہنما معمر عباس نے کہا کہ اسرائیل کے ناسور کا واحد حل اس کا خاتمہ ہے جس طرح دنیا بھر کے انسان کرونا وائرس کے تدارک کے لئے متحدہ حکمت عملی اختیار کررہے ہیں اس طرح دنا بھر کے مسلمانوں کو کرونا سے زیادہ خطرناک صہیونی وائرس کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا چاہئے۔

ریلی سے ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل شیعہ سنی کی مشترکہ جماعت ہے جو اسرئیلی اقدامات کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے اپنی عملی زندگی میں اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی بجائے دنیاوی خداؤں کی پیروی شروع کر رکھی ہے، عالم اسلام کی بربادی کی اصل وجہ یہی ہے۔ انہوں نے کہا حق وباطل کے جدا جدا ہونے کا اب وقت آگیا ہے، عالم اسلام کو اب ایک دوسرے کا بازو بننا ہو گا۔ ریلی سے شیعہ علما کونسل کے ضلعی سیکرٹری نیئر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کی مشکلات پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے والے مسلمان حکمرانوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہ قبلہ اول پوری مسلمہ امہ کا مشترکہ مسئلہ ہے اس ہر عالم اسلام کو یک زبان ہونا ہو گا۔ ریلی سے انجمن جانثاران اہلیبت کے زاہد جعفری نے بھی خطاب کیا۔ ریلی میں آئی ایس او پاکستان، ایم ڈبلیو ایم، شیعہ علماء کونسل، انجمن جانثاران اہلبیتؑ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے علاوہ بزرگوں اور جوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 864290

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864290/اسلام-آباد-آئی-ایس-او-ایم-ڈبلیو-اور-شیعہ-علماء-کونسل-کے-زیراہتمام-عظیم-الشان-قدس-ریلی-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org