QR CodeQR Code

اہل تشیع وفد کی سی پی او ملتان سے ملاقات، یوم علی کے مقدمات واپس لینے کا مطالبہ 

22 May 2020 22:25

وفد نے بتایا کہ امام بارگاہ حیدری کمیٹی سمیت بہت سے آستانوں میں 21رمضان المبارک کو بھی یوم علی کی شہادت کی عبادت چار دیواری میں ایس او پیز کے مطابق ہوئی، جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے موقع پر بھی ایس او پیز کی مکمل پابندی کی گئی، حکومت مقدمات پر ازسرنو جائزہ لے۔ 


اسلام ٹائمز۔ اہل تشیع مکتبہ فکر کے نمائندہ وفد نے ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین وممبر ضلعی امن کمیٹی چیئرمین تحفظ عزاداری کونسل حضرت امام حسین الحاج شفقت حسنین بھٹہ کی قیادت میں سی پی او ملتان حسن رضا سے ملاقات کی اور انہیں مختلف مسائل خصوصا اہل تشیع مکتبہ فکر کے سرکردہ افراد کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا، جس پر سی پی او حسن رضا نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ مذہبی ایام کے دوران درج کئیے جانے والے مقدمات کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں متعلقہ تھانوں سے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، وفد میں درگاہ حضرت شاہ شمس کے سجادہ نشین مخدوم طارق شمسی، تحفظ عزاداری حضرت امام حسین کے جنرل سیکرٹری سید طالب حسین پرواز، مولانا اعجاز حسین بہشتی، میثم بھٹہ، علامہ غلام مصطفی، علامہ غلام مرتضی خان جعفری اور سید کوثر شاہ بھی شریک تھے۔ شفقت حسنین بھٹہ نے سی پی او کو بتایا کہ امام بارگاہ حیدری کمیٹی سمیت بہت سے آستانوں میں 21رمضان المبارک کو بھی یوم علی کی شہادت کی عبادت چار دیواری میں ایس او پیز کے مطابق ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے موقع پر بھی ایس او پیز کی مکمل پابندی کی گئی۔ مخدوم طارق شمسی اور وفد کے دیگر ارکان نے کہا کہ کورونا کی وبا کسی ایک خاص مذہب یا مسلک کیلئے نہیں ہے اس لئے ہم ایس او پیز پر سختی سے عمل کر رہے ہیں، تاہم ہمارا متفقہ مطالبہ ہے کہ اہل تشیع مکتبہ فکر کے خلاف درج تمام مقدمات واپس لئے جائیں، وفد نے سی پی او کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔


خبر کا کوڈ: 864294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864294/اہل-تشیع-وفد-کی-سی-پی-او-ملتان-سے-ملاقات-یوم-علی-کے-مقدمات-واپس-لینے-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org