QR CodeQR Code

لاہور پولیس نے عیدالفطر کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا

23 May 2020 11:07

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر عیدالفطر اور چاند رات پر 7 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔ انہوں نے بتایا کہ 6 ایس پیز، 35 ڈی ایس پیز، 83 انسپکٹرز اور 5 سو سے زائد اپر سب آرڈینیٹس مساجد، عید گاہوں، امام بار گاہوں، عبادت گاہوں، قبرستانوں اور دیگر اہم مقامات پر تعینات ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور پولیس نے چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے مفصل اور مربوط سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر عیدالفطر اور چاند رات پر 7 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔ انہوں نے بتایا کہ 6 ایس پیز، 35 ڈی ایس پیز، 83 انسپکٹرز اور 5 سو سے زائد اپر سب آرڈینیٹس مساجد، عید گاہوں، امام بار گاہوں، عبادت گاہوں، قبرستانوں اور دیگر اہم مقامات پر تعینات ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی 5 ہزار سے زائد مساجد کو حساسیت کے اعتبار سے تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق 113 مساجد کو اے کیٹیگری، 2 ہزار 214 کو بی جبکہ 2 ہزار 677 مساجد کو سی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔

مساجد اور عبادت گاہوں کے علاوہ 190 سے زائد کھلے مقامات پر بھی نماز عید ادا کی جائے گی جہاں عبادت گذاروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ نمازیوں کو تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ چیکنگ کیلئے میٹل ڈیٹکٹرز اور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ مساجد اور عبادت گاہوں سمیت حساس مقامات پر مشکوک افراد پر نظر رکھنے کیلئے چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات ہونگے۔ ایس ایس پی آپریشن لاہور فیصل شہزاد کا سیکورٹی پلان کے حوالے سے کہنا تھا کہ نماز عید پر شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ عیدالفطر کے موقع پر ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور تھانوں کی گاڑیاں مساجد، عبادت گاہوں اور اہم مقامات کے گرد مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ حساس مقامات کے گردو نواح میں سرچ آپریشنز، سنیپ چیکنگ، جیو فینسنگ، بائیو میٹرک تصدیق سمیت تمام حفاظتی اقدامات باقاعدگی سے جاری ہیں۔ ایس ایس پی آپریشن لاہور فیصل شہزاد نے ہدایات جاری کی کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تمام گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور اشخاص کی چیکنگ یقینی بنائی جائے گی۔ چاند رات اور عیدالفطر پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ میں ملوث ریکارڈ یافتہ افراد سے ضمانتی مچلکے بھی لئے جا رہے ہیں۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ نمازی حضرات چاند رات پر مارکیٹوں اور عید الفطر پر دوران عبادت ماسک، سینیٹائزر، سماجی فاصلے کی پابندی یقینی بنائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر سکیورٹی اور سیفٹی اقدامات یقینی بنانے کیلئے شہریوں کا تعاون نا گزیر ہے۔


خبر کا کوڈ: 864389

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864389/لاہور-پولیس-نے-عیدالفطر-کا-سکیورٹی-پلان-جاری-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org