0
Saturday 23 May 2020 13:37

چاند آج واضح نظر آئے گا، کل عیدالفطر ہو گی، فواد چوہدری

چاند آج واضح نظر آئے گا، کل عیدالفطر ہو گی، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 22 مئی کی رات شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے، آج غروب آفتاب کے بعد دوربین سے چاند واضح نظر آجائے گا، کل ملک بھر میں عیدالفطر ہو گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا کہ 22مئی کی رات 10 بج کر 39منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانگھڑ، بدین، ٹھٹہ، جیوانی، پسنی میں چاند 7 بج کر 36 منٹ سے 8 بجکر 15منٹ تک دیکھا جا سکتا ہے، ان مذکورہ علاقوں میں چاند کی عمر 20 گھنٹے کی ہو گی۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی پاکستان کے مطابق کل پاکستان میں عیدالفطر ہو گی، جبکہ پشاور میں تو آج بھی چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے مذہبی تہواروں سے متعلق چاند ہمیشہ متنازع رہتا ہے، 1974ء میں رویت ہلال کمیٹی بنی، امید تھی مسئلہ حل ہو گا، مگر رویت ہلال کمیٹی خود ہی ہمیشہ تنازعات کا شکار رہی، مذہبی تہوار کو تنازعے کی بجائے یکجہتی کا مرکز ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چاند دیکھنے سے ٹیکنالوجی کا تعلق نہ ہونے کی بات کو میں مسترد کرتا ہوں، دنیا میں چاند دیکھنا کوئی مسئلہ نہیں ہے، آنے والے وقت میں لوگ چاند پر عید منائیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم خان کے اعلانات الگ الگ ہوتے ہیں، یہاں رمضان اور شوال کے چاند پر ہمیشہ تنازعہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں علم حاصل کرنے کی جستجو کی تعلیم دیتا ہے اور علم کے حساب سے چاند کو زمین کے گرد چکر مکمل کرنے میں 29دن سے کچھ زیادہ وقت لگتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مذہب علم اور عقل کی تلقین کرتا ہے، سائنس کی ترقی سے چاند دیکھنا آسان ہو گیا ہے، یہ کہتے ہیں عینک سے چاند دیکھنا حلال ہے دوربین سے نہیں جبکہ عینک بھی ٹیکنالوجی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس دور میں دنیا میں چاند دیکھنا کوئی مسئلہ نہیں، سورج کی روشنی میں چاند نظر نہیں آتا، سورج غروب ہونے اور چاند نکلنے میں 38منٹ کا فرق ہونا چاہیے، چاند کی اونچائی 56 ڈگری ہونی چاہیے جبکہ چاند نظر آنے کا کم سے کم زاویہ 9 ڈگری کا ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں چاند دیکھنے کی 8 رسد گاہیں ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں، جو وزیراعظم عمران خان فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 864435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش