QR CodeQR Code

مستحقین کی مدد کرنے کا یہ بہترین وقت ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

23 May 2020 23:40

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا امت کو عیدالفطر کی مبارکباد کے پیغام میں کہنا تھا کہ اپنے قرب و جوار میں موجود ایسے افراد کی مدد کریں جو وباء کے دوران کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے کی وجہ سے معاشی بحران میں مبتلا ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کے پاس بھی اس کی ضروریات سے زیادہ سامان زندگی ہے وہ اسے اپنے پاس مستحقین کی امانت سمجھے اور یہ امانت لوٹانے میں تاخیر نہ کرے۔


اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلامیان پاکستان اور ملت اسلامیہ کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ رمضان المبارک میں رکھے گئے روزے اور کی گئی عبادات کو قبول و منظور فرمائے اور ملت اسلامیہ کے ہر بشر کو قرآن و سنت کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی توفیق دے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حالیہ عید ایک ایسی وباء کے موقع پر آئی ہے جس نے دنیا کے ہر خطے کو متاثر کیا ہے اور اس وباء کی وجہ سے بڑے پیمانے پر انسان متاثر ہوئے ہیں، کاروباری سرگرمیاں معطل ہوئی ہیں اور اس کی وجہ سے بیروزگاری، غربت بڑھی ہے، صاحب حیثیت افراد اور خاندانوں کیلئے مستحقین کی مدد کرنے کا یہ بہترین وقت ہے، کسی سفید پوش کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے اسے پاؤں پر کھڑا کرنا فی زمانہ بہت بڑی نیکی اور عبادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے قرب و جوار میں موجود ایسے افراد کی مدد کریں جو وباء کے دوران کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے کی وجہ سے معاشی بحران میں مبتلا ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کے پاس بھی اس کی ضروریات سے زیادہ سامان زندگی ہے وہ اسے اپنے پاس مستحقین کی امانت سمجھے اور یہ امانت لوٹانے میں تاخیر نہ کرے۔ قائد تحریک منہاج القرآن نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء ابھی موجود ہے، روزانہ کی بنیاد پر متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اس کا واحد علاج سماجی فاصلے ہیں، عید کے بعد بھی احتیاط کے طور پر فاصلے قائم رکھیں،باہمی میل جول کم سے کم رکھیں، بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور غیر ضروری معانقہ اور مصافحہ سے گریز کریں، یہ احتیاطیں حضور نبی اکرم ﷺ کے فرامین کے مطابق ہیں۔ جب تک وباء موجود ہے احتیاط ملحوظ خاطر رکھیں۔


خبر کا کوڈ: 864549

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864549/مستحقین-کی-مدد-کرنے-کا-یہ-بہترین-وقت-ہے-ڈاکٹر-طاہرالقادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org