0
Sunday 24 May 2020 04:54

کراچی میں طیارہ حادثہ، وفاقی حکومت تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کرے گی، غلام سرور خان

کراچی میں طیارہ حادثہ، وفاقی حکومت تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کرے گی، غلام سرور خان
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ماڈل کالونی میں گِر کر تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارہ کے مقام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، سدرہ عمران، جمال صدیقی اور رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے علاقہ مکینوں سے اس حادثے کی تفصیلات معلوم کیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہ نہایت افسوس ناک واقعہ ہے جس میں قیمتی انسانی جانیں اپنے خالق حقیقی سے جاملیں۔ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک بھی گورنر سندھ کے ہمراہ تھے۔ گورنر سندھ کو پی آئی اے کے سی ای او نے بتایا کہ پی آئی اے اسکاؤٹس نے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملبہ سے تمام لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ دو افراد اس سانحہ میں محفوظ رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے جہاز گرنے کی جگہ کے معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امدادی کاموں میں پاکستان آرمی اور رینجرز کے جوانوں، ایدھی، چھیپا، پاکستان بوائز اسکاؤٹس اور ہلال احمر کی رضاکاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی جانفشانی اور لگن سے کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاشوں کی شناخت کے لئے تمام جاں بحق افراد کے ڈی این اے سیمپل لے لئے گئے ہیں جبکہ ان کے رشتہ داروں کے ڈی این اے سے موازنہ کرکے جاں بحق افراد کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر جاں بحق افراد کے ورثاء کو ابتدائی طور پر فی کس  10 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے جبکہ انشورنس کی رقم اس کے علاوہ ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر لواحقین اور حادثہ سے متاثر ہونے والے گھروں کے مکینوں کو قصر ناز اور ایئر پورٹ ہوٹل میں ٹھہرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو رونا کے باعث پہلے ہی پریشانی کا شکار تھی اور اب اس حادثہ کے بعد پورے ملک میں سوگ کی فضاء طاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا ہے اور اس کی رپورٹ آنے پر حادثہ کی وجوہات اور اس کے عوامل کا پتہ لگایا جاسکے گا۔

گورنر سندھ نے میڈیا کے ذریعہ اپیل کی کہ حادثہ کی صرف مصدقہ خبریں چلائیں کیونکہ افواہوں اور قیاس آرائیوں سے لواحقین کو بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ وہ پہلے ہی صدمہ اور سوگ کی کیٖفیت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے نتیجہ میں زمین پر موجود افراد کا زندہ بچ جانا اللہ تعالیٰ کا معجزہ ہے جبکہ جہاز کے دو افراد کی جان بچ جانا بھی اللہ کی قدرت کا مظہر ہے۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے پی آئی اے ہیڈ کوارٹر میں قائم کئے گئے ایمرجنسی ریسپانسس سینٹر اور کال سینٹر کا دورہ کیا۔ گورنر سندھ کو سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے بتایا کہ ایمرجنسی رسپانس سینٹر نے حادثہ کے آدھے گھنٹے کے اندر کام شروع کردیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 18 جاں بحق افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالے کی جاچکی ہیں جبکہ تمام لاشوں کو ملبہ سے نکالنے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ لواحقین کے ڈی این اے لینے کے بعد باقی لاشوں کو ان کے حوالے کردیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 864568
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش