0
Sunday 24 May 2020 10:36

لاہور میں عیدالفطر کے اجتماعات، فرزندان توحید کی بھرپور شرکت

لاہور میں عیدالفطر کے اجتماعات، فرزندان توحید کی بھرپور شرکت
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں مختلف مساجد اور پارکس میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی۔ اس موقع پر متعدد مقامات پر سماجی فاصلے کو بھی نظرانداز کیا گیا تھا۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے گورنر ہائوس میں نماز عیدالفطر ادا کی۔ گورنر ہائوس میں ہونیوالی نماز عید  کی امامت قاری اسماعیل نے کروائی۔ گورنر ہائوس میں نماز عید کے اجتماع میں پاک فوج کے شہداء اور طیارہ حادثہ کے شہدا کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ
اللہ تعالی پاکستان سے کرونا وائرس جیسی وباء کا جلد خاتمہ کرے اور دعا ہے کہ رب العزت پاکستان کو ترقی و خوشحالی اور دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاو کیلئے عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

بادشاہی مسجد میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے امامت کروائی۔ ملک و قوم کی سلامتی کورونا سے نجات، شہدائے پی آئی اے طیارہ کریش کیلئے دعا کی گئی۔ عیدالفطر کی بادشاہی مسجد میں ادائیگی کورونا وائرس سے بچاو کے حفاظتی ایس او پیز کے تحت ادا کی گئی۔ تاریخی بادشاہی مسجد میں پہلی بار نامور شخصیات نماز عید کے اجتماع میں شریک نہ ہوئیں۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر اللہ کی طرف سے روزوں کا انعام ہے، آج کے اس دن کے صدقے اللہ سے کورونا سے نجات، مسلمانوں کی مشکلات میں کمی کی دعا کرتے ہیں۔ نماز عید کے بعد روائتی معانقہ اور مصافحہ بہت کم دیکھنے میں آیا۔

جیلانی پارک میں شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی۔ اسلام کی سربلندی، ملکی سلامتی اور کراچی طیارے حادثے میں جاں بحق ہونے کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ جیلانی پارک میں امیر جماعت اہلحدیث مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی نے عید کی نماز پڑھائی۔ مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے نماز عید کے اجتماع میں شرکت کی۔ نماز عید کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاو کیلئے سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا گیا۔ مولانا عبدالغفار روپڑی نے دعا کراتے ہوئے کہا کہ یااللہ کورونا وبا سے نجات دلا اور مساجد کو آباد کر، اللہ تعالی طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کے درجات بلند کرے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ عید کے بعد شہریوں کی اکثریت نے ایک دوسرے سے گلے ملنے سے پرہیز کیا۔ عید نماز کے موقع پر سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

دربار میاں میر کی جامع مسجد میں نماز عید کی ادا کی گئی۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز عید الفطر ادا کی۔ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں نے سوشل ڈسٹنس کو برقرار رکھتے ہوئے نماز عید ادا کی۔ نماز عید کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی اور کورونا وائرس سے نجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ کراچی طیارہ حادثہ کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے بھی دعا کی گئی۔ جامعہ اشرفیہ میں عیدالفطر کی نماز ادا کر دی گئی۔ قاری حافظ عبید اشرف نے جامعہ اشرفیہ نماز عید کی امامت کرائی۔ عید کی نماز سے قبل مہتم جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم اشرفی نے بیان دیا۔ جامعہ اشرفیہ میں بھی عید کی نماز حکومتی ایس او پی کے مطابق ادا کی گئی۔ نماز عید کے بعد قاری حافظ عبید اشرف نے خطبہ دیا اور خصوصی دعا بھی کرائی۔ دعا میں کرونا کی وبا کے خاتمے اور ملکی سلامتی و خوشحالی اور اسلام کی سرفرازی کیلئے بھی دعا کرائی گئی۔

دوسری جانب کراچی میں حادثے کا شکار ہونیوالے طیارے میں شہدا اور کرونا وائس سے جاں بحق ہونیوالے کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کرائی گئی۔ جبکہ کشمیریوں اور فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 864579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش