2
Sunday 24 May 2020 14:30
لبنان میں اسرائیلی شکست کی 20ویں سالگرہ

حزب اللہ ہی اسرائیلی شکست کا باعث بنی، تاہم اسکا خاتمہ ممکن نہیں، گادی آئیزنکوٹ

حزب اللہ ہی اسرائیلی شکست کا باعث بنی، تاہم اسکا خاتمہ ممکن نہیں، گادی آئیزنکوٹ
اسلام ٹائمز۔ سابقہ اسرائیلی چیف آف جنرل اسٹاف گادی آئیزنکوٹ نے لبنان سے اسرائیلی انخلاء کی 20ویں سالگرہ پر صیہونی اخبار "اسرائیل ہیوم" کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ لبنان نے ہی اپنی گوریلا کارروائیوں کے ذریعے اسرائیل کو لبنان سے نکال باہر کیا تھا۔ اسرائیل کے سابق چیف آف جنرل اسٹاف کا کہنا تھا کہ حزب اللہ لبنان نے اپنی گوریلا جنگ میں اسٹریٹیجک اہداف کے حصول کے ذریعے اسرائیلی فوج کو لبنان سے نکال باہر کیا تھا۔ گادی آئیزنکوٹ نے کہا کہ حزب اللہ نے اپنی پیچیدہ کارروائیوں کے ذریعے اسرائیلی فوج پر اپنا خوف طاری کر دیا تھا جبکہ اسرائیلی فوج، اپنے فوجیوں کے بڑی تعداد میں ہلاک و زخمی ہو جانے کے باعث لبنان سے نکلنے پر مجبور ہوگئی تھی اور یہ وہی چیز تھی جو حزب اللہ چاہتی تھی۔

اسرائیل کے سابق چیف آف آرمی اسٹاف سے جب یہ پوچھا گیا کہ جب وہ اسرائیلی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف تھے تو حزب اللہ کے خاتمے کے لئے کوئی اقدام کیوں نہیں اٹھایا، تو گادی آئیزنکوٹ کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے خاتمے کا کوئی امکان موجود نہیں۔ گادی آئیزنکوٹ نے کہا کہ لبنان کے تمام شہروں میں حزب اللہ کی غیر فوجی (عوامی) جڑیں موجود ہیں۔ اسرائیلی سابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس پورے لبنان میں گہرائی تک رسائی اور صور و صیدا سمیت جنوبی لبنان پر قبضہ برقرار رکھنے کے علاوہ حزب اللہ کو ختم کرنے کا کوئی راستہ موجود نہیں۔ گادی آئیزنکوٹ نے کہا کہ ہم تو فلسطینیوں کے درمیان مزاحمتی محاذ کو ختم نہیں کر پائے جبکہ حزب اللہ کا خاتمہ ناممکن ہے، تاہم اس مقصد کے لئے ہم نے بہت سے اقدامات انجام دیئے ہیں، جو مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہود باراک نے بھی چند روز قبل اسرائیلی ریڈیو کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے لبنان سے اسرائیلی عقب نشینی کی طرف اشارہ کیا تھا اور کہا تھا کہ تل ابیب نے اپنے کچھ خاص مقاصد کے لئے لبنان پر قبضہ کیا تھا۔ ایہود باراک نے کہا تھا کہ لبنان پر قبضہ کرکے اسرائیل نے وہاں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کو اردن میں منتقل کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا، تاہم یہ منصوبہ اس پر عملدرآمد میں حزب اللہ کی طرف سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کے باعث ناکامی کا شکار ہوگیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 864596
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش