QR CodeQR Code

ہم نے باہر سے کورونا لاکر اپنے معصوم بچوں کو وبا کا شکار کر دیا، مرتضی وہاب

24 May 2020 15:47

اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 20 روز کے دوران صوبے میں صوبے میں 10 برس تک کے کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 20 روز کے دوران صوبے میں صوبے میں 10 برس تک کے کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ کورونا وبا سے متعلق اپنے ویڈیو بیان میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں 10 برس تک کے کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 788 ہوگئی ہے، 2 مئی تک سندھ میں کورونا سے متاثرہ معصوم بچوں کی تعداد 253 تھی، محض 20 روز میں اس تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے، جو پریشان کن ہے، ان بچوں کو کسی اور نے نہیں بلکہ ہم نے خود کورونا سے متاثر کیا ہے، ہم اپنے گھروں سے باہر جاکر کورونا اپنے گھروں میں لیکر آئے اور اپنے معصوم بچوں کو اس وباء کا شکار کر دیا۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم حکومت کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومتی پابندیاں ہمارے بہتر مستقبل کیلئے ہیں، پابندیوں کا اطلاق حکومتی ارکان سمیت ہر شہری پر ہوتا ہے، خدارا یہ نہ سمجھیں کہ احتیاطی تدابیر صرف عام عوام کیلئے ہیں، ہم سب کو ایک دوسرے کا احساس کرنا ہے، ہمیں ہر حال میں فیزیکل فاصلے اور گھروں پر قیام کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت زیادہ کوتاہیاں کر رہے ہیں، خدارا حکومتی ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد کریں، تاکہ اس وبا سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے، کیونکہ ہم بار بار قوم کو آگاہ کر رہے ہیں کہ کورونا وبا کا دنیا میں کوئی علاج دریافت نہیں ہوا، صرف احتیاط کرنا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ بہت دیر ہو جائے اور بعد میں پچھتاوا ہو، ہمیں اپنے بچوں سمیت قوم کے تمام معماروں کو کورونا وباء سے محفوظ رکھنا ہے، کورونا وباء ایک خطرناک حقیقت ہے، لاپرواہی برتنے والے اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 864599

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864599/ہم-نے-باہر-سے-کورونا-لاکر-اپنے-معصوم-بچوں-کو-وبا-کا-شکار-کر-دیا-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org