QR CodeQR Code

طیارہ حادثہ، عید کے روز بھی جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام جاری

24 May 2020 16:22

پولیس اور رینجرز کی جانب سے جائے حادثہ کو سیل رکھا گیا ہے، جبکہ شواہد اکھٹے ہونے اور کمیٹی کے اطمینان کے بعد ملبہ اٹھایا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پیش آئے فضائی حادثے کے مقام پر تحقیقاتی ٹیموں کی جانب سے عیدالفطر کے پہلے روز بھی شواہد اور جہاز کے مختلف حصوں کو جمع کرنے کا کام جاری ہے۔ پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 32 افراد کی شناخت ہو چکی ہے، 26 افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، جبکہ مزید 66 افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم جائے وقوعہ پر باریک بینی سے تمام محرکات کا جائزہ لے رہی ہے۔ دوسری جانب حادثے کی جگہ سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع نہیں کیا جا سکا ہے، اس کی وجہ تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے جائے حادثہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے کام کو بتایا جا رہا ہے۔ فارنزک کیلئے نمونے اور بلیک باکس کے ٹکڑے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حادثہ کی جگہ پر گھر، گاڑیوں اور جہاز کے ملبے کو علیحدہ کیا جا رہا ہے۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق پولیس اور رینجرز کی جانب سے جائے حادثہ کو سیل رکھا گیا ہے، جبکہ شواہد اکھٹے ہونے اور کمیٹی کے اطمینان کے بعد ملبہ اٹھایا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 864607

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864607/طیارہ-حادثہ-عید-کے-روز-بھی-جائے-سے-شواہد-اکٹھے-کرنے-کا-کام-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org