0
Sunday 24 May 2020 20:32

لاک ڈاؤن میں مہاجر مزدوروں کو سب سے زیادہ تکلیف ہوئی ہے، راہل گاندھی

لاک ڈاؤن میں مہاجر مزدوروں کو سب سے زیادہ تکلیف ہوئی ہے، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے متعدد لوگوں کو تکلیف پہنچائی ہے لیکن سب سے زیادہ درد اس وباء نے مہاجر مزدوروں کو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران مزدوروں کو مارا پیٹا گیا، روکا گیا، ڈرایا دھمکایا گیا لیکن وہ رکے نہیں اور اپنے گھروں کی جانب چلتے رہے۔ راہل گاندھی نے مہاجر مزدوروں کے ساتھ بات چیت کی ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کی پریشانیوں کو دور کرنے اور انہیں ان کے گھروں تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ راہل گاندھی نے ہریانہ سے اپنے گھر واپس لوٹ رہے اترپردیش کے کچھ مزدوروں کے ساتھ بات چیت کرکے ان کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ روزی روٹی چھن جانے کی وجہ سے پریشان ہزاروں مزدور سینکڑوں کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گھر جارہے ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا کہ مزدور صرف کام چاہتے ہیں، مہاجر مزدور سب سے زیادہ اس بات سے پریشان ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی نے لاک ڈاؤن نافذ کرتے وقت ان کی پرواہ نہیں کی اور اچانک لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ مزدور اس سے بھی پریشان ہیں کہ لاک ڈاؤن مسلسل بڑھایا جارہا ہے اور انہیں اپنے گھر جانے کا موقع نہیں مل رہا ہے۔ ویڈیو میں مزدوروں نے کانگریس لیڈر سے کہا کہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے پہلے مودی کو یہ سوچنا چاہیئے تھا کہ اس ملک میں غریب بھی رہتے ہیں جو دن میں کماتے ہیں اور شام کو اسی کمائی سے پیٹ بھرتے ہیں۔ مزدوروں نے کہا مودی کو غریبوں کا خیال رکھنا چاہیئے تھا اور اسی لحاظ سے فیصلہ کرنا چاہیئے تھا لیکن وہ ہمیشہ کی طرح اچانک ٹی وی پر آئے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔
خبر کا کوڈ : 864614
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش