0
Sunday 24 May 2020 20:15

کراچی ائیرپورٹ کو ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پر کام ہورہا ہے، گورنر سندھ

کراچی ائیرپورٹ کو ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پر کام ہورہا ہے، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ آبادی میں ہے اور اسے ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پرکام ہو رہا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایک تحقیقاتی کمیٹی بنادی گئی ہے، تحقیقاتی رپورٹ  وزیراعظم عوام تک پہنچائیں گے جس کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ میتوں کی شناخت کے لئے ڈی این اے کی ٹیم جامعہ کراچی میں اپنا کام کر رہی ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ جو مکانات تباہ ہوئے ہیں ان کے رہائشیوں کو ہوٹل میں رہنے کا کہا ہے، ائیرپورٹ کے پاس 4،4 منزلہ عمارتیں بن رہی ہیں، یہ مافیا پورے کراچی میں اپنی کارروائیاں کر رہا ہے۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ ائیرپورٹ کے اطراف زیر تعمیر عمارتوں کا کام رک جانا چاہیئے، اس حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور متعلقہ اداروں سے بھی پوچھا جائے گا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ آبادی میں ہے اور اسے ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پر کام ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ صرف دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
خبر کا کوڈ : 864622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش