QR CodeQR Code

رویت ہلال کا معاملہ بھی فرقہ واریت کو رنگ دینا ہے، علامہ سید جواد نقوی

24 May 2020 20:47

عید کے اجتماع سے خطاب میں تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فواد چودھری نے سائنسی بنیادوں کو بھی الجھا کر پیش کیا ہے، جس سے بہت سے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ ہر نئی چیز جب آتی ہے تو اس میں پہلے پہل حساسیت ہوتی ہے۔ سائیکل جب ایجاد ہوئی تو اسوقت بھی شرعی مسئلہ کھڑا ہوگیا تھا کہ سائیکل پر سوار ہونا شرعی طور پر درست ہے یا غلط، مگر بعد میں یہ معاملہ سلجھ گیا۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا مسجد بیت العتیق لاہور میں عید کے اجتماع سے خطاب میں کہنا تھا کہ اس سال عید کے چاند کے معاملے پر مومنین میں تشویش پائی جا رہی تھی، چاند کے حوالے سے فقہاء کے واضح فتاویٰ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلا طریقہ خود چاند دیکھنا ضروری ہے، اگر نہیں دیکھا تو دوسرا طریقہ یہ ہے کہ دو عادل گواہی دیں تو عید ہوتی ہے، تیسرا یہ کہ مشہور ہو جائے کہ ہم نے چاند دیکھا ہے تو بھی عید ہوتی ہے، چوتھا طریقہ حاکم شرعی اعلان کرے تو بھی عید ہو جاتی ہے۔ یہ تمام فقہاء کا یکساں فتویٰ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں یہ نہیں لکھا کہ مرجعیت سے پوچھنا ضروری ہے، جیسے درجہ حرارت لاہور میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ہے تو کیا اس کا بھی مرجع سے پوچھیں گے؟؟ ایسا نہیں، یہ ایسے موضوعات ہیں کہ ہر بات مرجع نہیں بتائیں گے، بلکہ مخصوص ادارے ہیں، ان کی بات کو فالو کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے خود چاند دیکھ لیا ہے اور مرجع نے نہیں دیکھا تو آپ کس کی بات مانیں گے، ظاہر ہے اپنے یقین پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کا معاملہ بھی فرقہ واریت کو رنگ دینا ہے، رویت ہلال کمیٹی کی کوئی شرعی حیثیت نہیں۔ مگر پاکستان میں عرصے سے رویت ہلال کا معاملہ سیاست کیساتھ الجھا دیا جاتا ہے۔

علامہ جواد نقوی نے کہا فواد چودھری نے سائنسی بنیادوں کو بھی الجھا کر پیش کیا ہے، جس سے بہت سے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ ہر نئی چیز جب آتی ہے تو اس میں پہلے پہل حساسیت ہوتی ہے۔ سائیکل جب ایجاد ہوئی تو اس وقت بھی شرعی مسئلہ کھڑا ہوگیا تھا کہ سائیکل پر سوار ہونا شرعی طور پر درست ہے یا غلط، مگر بعد میں یہ معاملہ سلجھ گیا۔ انہوں نے کہا کہ قدامت پرست لوگ مشکل سے ہی نئی بات کو تسلیم کرتے ہیں، چاند کی تشخیص کے طریقے سبھی پرانے ہیں، صرف دوربینیں نئی ہیں، مگر چاند دیکھنے کا طریقہ پرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی منیب نے اعلان تو کر دیا مگر کچھ لوگوں نے اعتراض کیا کہ چاند نظر نہیں آیا، اب جن لوگوں نے چاند نظر نہ آنے کی بات کی ہے، ان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے چاند دیکھنے کیلئے انتظام کیا کیا ہوا تھا۔؟


خبر کا کوڈ: 864623

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864623/رویت-ہلال-کا-معاملہ-بھی-فرقہ-واریت-کو-رنگ-دینا-ہے-علامہ-سید-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org