QR CodeQR Code

جن کو وضو نہیں آتا وہ بھی علماء پر تنقید کر رہے ہیں، قاسم قاسمی

25 May 2020 14:31

ایس یو سی لاہور ڈویژن کے صدر کا کہنا تھا کہ چاند کے معاملے پر علماء نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، اور رویت چاند کے حوالے سے شرعی تقاضوں کا پاس رکھا گیا ہے، اس حوالے سے بلاوجہ علماء کو تنقید کا نشانہ بنانے والے ہوش کے ناخن لیں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل لاہور ڈویژن  اور جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت قاسم علی قاسمی صدر شیعہ علماء کونسل لاہور ڈویژن اور قائم مقام صدر جے ایس او لاہور ڈویژن سہیل عباس بٹر نے کی۔ اجلاس میں پی آئی اے طیارہ حادثہ میں شہید ہونیوالوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں نامور صحافی انصار نقوی اور فخر عباس بٹر کیلئے بھی فاتحہ خوانی اور دعا مغفرت کی گئی۔ علامہ حافظ کاظم رضا نقوی نے شہداء کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ اجلاس میں زوار حسین بٹر، سلمان گجر، شاہد جعفری، نعیم عباس شمسی، معصوم زیدی، علی حیدر، سلامت بھٹی و دیگر نے شرکت کی۔
 
قاسم علی قاسمی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے طیارہ حادثہ کی شفاف انکوائری کروائی جائے،  قیمتی جانوں کا ضاع بہت بڑا المیہ ہے، پہلے بھی ایسے حادثات ہوئے ہیں مگر خفیہ ہاتھ ہر بار تحقیقات کی فائل غائب کروا دیتا ہے، مگر اس بار ایسا نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے ذمہ داروں کا تعین ہوگا تو آئندہ کیلئے احتیاط سے کام لیا جائے گا، اگر ذمہ دار اس بار بھی بچ گئے تو یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا  کہ طیارے کے حادثے کے شہید ہونیوالوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہداء کی بلندی درجات کیلئے بھی دعاگو ہیں۔
 
انہوں نے عید کے موقع پر چاند کے معاملے پر پیدا ہونیوالی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علماء نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، اور رویت چاند کے حوالے سے شرعی تقاضوں کا پاس رکھا گیا ہے، اس حوالے سے بلاوجہ علماء کو تنقید کا نشانہ بنانے والے ہوش کے ناخن لیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کو درست طریقے سے وضو کرنا نہیں آتا وہ بھی علماء پر تنقید کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 864705

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864705/جن-کو-وضو-نہیں-آتا-وہ-بھی-علماء-پر-تنقید-کر-رہے-ہیں-قاسم-قاسمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org