0
Monday 25 May 2020 15:25

طیارہ حادثے سے متعلق گورنر عمران اسماعیل کے بیانات پر دل دکھتا ہے، ترجمان سندھ حکومت

طیارہ حادثے سے متعلق گورنر عمران اسماعیل کے بیانات پر دل دکھتا ہے، ترجمان سندھ حکومت
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے سے متعلق گورنر عمران اسماعیل کے بیانات پر دل دکھتا ہے، جو کہ ان حالات میں بھی سیاست کر رہے ہیں۔ نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں کوئی لیب نہ ہونے کی بات غلط ہے، کیونکہ ہمارے پاس کراچی لیب کا تمام سامان موجود ہے اور جن لوگوں کی جانیں گئیں ہیں، تمام کے سیمپل کراچی یونیورسٹی نے لئے ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ہم نے فارنزک کیلئے وفاق سے کوئی ٹیم نہیں منگائی تھی اور گورنر وفاق کے نمائندے نہیں ہوتے، گورنر سندھ کے بیانات کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے برابر میں کنٹونمنٹ کا علاقہ ہے اور یہاں کوئی عمارت سول ایویشن کی اجازت کے بغیر نہیں بنتی۔ سول ایویشن وفاق کا ادارہ ہے، اس لئے وفاق سے پوچھیں کہ کیسے اجازت دے دی۔ کرونا وائرس سے متعلق مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عوام کو اس وباء سے بچانے کیلئے جو کچھ کرنا پڑا سندھ حکومت کرے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عید کے فورا بعد وفاقی حکومت سے مشاورت کریں گے، ہم درمیانی راستہ نکالیں گے، تاکہ تاجر کاروبار کرسکیں اور لوگوں کو اس وائرس سے بچا سکیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رمضان میں تاجروں نے مذاکرات میں کہا تھا کہ ہمیں رمضان کا مہینہ کاروبار کرنے دیں، تاجروں نے کہا تھا ہم سال بھر رمضان کا مہینہ کماتے ہیں، کیونکہ تاجروں کے مطابق باقی سال بھر کاروبار نہیں ہوتا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اب رمضان کا وقت ختم ہوگیا ہے تاجر خود سوچیں اور حکومت کا ساتھ دیں، تاجر اپنے دنوں کو خود کم کریں اور اس وائرس سے لڑنے میں ہمارا ساتھ دیں، سپریم کورٹ بھی دنوں کے حوالے سے واضح کر چکی ہے کہ ہفتہ اتوار کی رعایت عید کی وجہ سے دی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 864711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش