1
Monday 25 May 2020 21:48

وینزویلا کو ایرانی پٹرول کی ترسیل امریکہ کیلئے خطرناک ہے، جان بولٹن

وینزویلا کو ایرانی پٹرول کی ترسیل امریکہ کیلئے خطرناک ہے، جان بولٹن
اسلام ٹائمز۔ ایران دشمنی پر مبنی لمبی تاریخ کے حامل امریکی قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے بیان میں ایران کی طرف سے وینزویلا کو بھیجے گئے پٹرول سے بھرے 5 ایرانی بحری بیڑوں کی ترسیل پر اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم سب وینزویلا کے اندر چین، روس، کیوبا اور ایران کی مداخلت پر مشکلات سے روبرو ہیں۔ جان بولٹن نے لکھا کہ ایران کی جانب سے وینزویلا میں "میڈورو" کی شکست خوردہ حکومت کو مدد فراہم کرنے کے لئے بھیجا گیا پٹرول امریکہ سمیت خطے کے تمام ممالک کے لئے خطرناک ہے۔ امریکی قومی سلامتی کے سابق مشیر نے لکھا کہ ہم وینزویلا کے اندر ایرانی اثرونفوذ کے خلاف (حکومت مخالف لیڈر) خوان گوائیڈو کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ جان بولٹن نے چند روز قبل بھی ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے بیان میں لکھا تھا کہ ایران امریکی دباؤ سے سرکشی کرنے کے ساتھ ساتھ میڈورو کو بھی ایندھن کی کمی سے نکالنے کے لئے پٹرول سے بھرے 5 بحری بیڑے وینزویلا کی طرف بھیج رہا ہے، جبکہ امریکی مخالفت پر مبنی ایرانی کوششوں کا سنجیدہ جواب دیا جانا چاہیئے۔ جان بولٹن نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ چین، ایران اور وینزویلا کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ یاد رہے کہ امریکی قومی سلامتی کے سابق شدت پسند مشیر جان بولٹن کی جانب سے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں جاری کئے جا رہے ہیں، جب ایران کی طرف سے وینزویلا کو بھیجے جانے والے پٹرول کا خیرمقدم کرتے ہوئے وینزویلا کے جوانوں کی طرف سے اپنے آنجہانی رہنما ہیوگوشاویز کے مقبرے پر ایرانی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 864736
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش