QR CodeQR Code

وزیر اطلاعات سندھ نے صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ دیدیا

25 May 2020 23:37

وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم تو شروع سے کہہ رہے تھے کہ سخت لاک ڈاؤن اور ایس او پیز ہونے چاہئیں، وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور پھیل چکا ہے، ظفر مرزا ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن میں سختی ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ اگر کرونا وائرس کیلئے مختلف ہیلتھ مراکز میں 50 فیصد مریض آئے، تو صوبہ بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیں گے، کرونا مریضوں کیلئے مختص وینٹی لیٹرز کی تعداد 280 سے زائد ہے، 100 وینٹی لیٹرز امپورٹ کرلئے، 100 کا مزید آرڈر دے رہے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم تو شروع سے کہہ رہے تھے کہ سخت لاک ڈاؤن اور ایس او پیز ہونے چاہئیں، وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور پھیل چکا ہے، ظفر مرزا ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن میں سختی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیسٹ کی صلاحیت کو بڑھایا ہے، 4 سے 5 ہزار ٹیسٹ روزانہ ہو رہے ہیں، یہ تعداد 20 ہزار تک لے جانا چاہتے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مریضوں کو رکھنے کیلئے 12 ہزار سے زائد بیڈز کا انتظام کر رکھا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہوا ہے کہ ہیلتھ مراکز پر 50 فیصد مریض آئے، تو مکمل لاک ڈاؤن لگا دیں گے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سندھ میں 46 افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں، 280 سے زائد وینٹی لیٹرز مختص کر دیئے ہیں، جن میں اضافہ کر رہے ہیں، 100 وینٹی لیٹرز امپورٹ کئے ہیں، مزید 100 کا آرڈر دے رہے ہیں، دنیا بھر میں وینٹی لیٹرز کی کمی ہے، جہاں بھی یہ دستیاب ہیں، وہاں رابطہ کیا جا رہا ہے۔ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے کافی بہتر انتظامات کر رکھے ہیں، ہماری صلاحیت سے زیادہ مریض آئے، تو مشکلات ہوں گی، پورے پاکستان میں صحت کا نظام ایسا نہیں کہ حالات قابو کر سکے۔


خبر کا کوڈ: 864739

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864739/وزیر-اطلاعات-سندھ-نے-صوبے-بھر-میں-مکمل-لاک-ڈاؤن-کا-عندیہ-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org