QR CodeQR Code

سراج الحق کا اعجاز ہاشمی کو ٹیلی فون، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

27 May 2020 20:39

جے یو پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں عید سوگوار گزری ہے، کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، فلسطین کو 72 سال سے آزادی نصیب نہیں ہوئی، کرونا وائرس نے بہت بڑے انسانی المیے کو جنم دیا ہے، کراچی طیارہ حادثے نے قیامت صغریٰ برپا کر دی ہے، پوری پاکستانی قوم شہدا کے خاندانوں کیساتھ کھڑی ہے اور اظہار یکجہتی کرتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس پیر اعجاز احمد ہاشمی سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ٹیلی فون پر گفتگو کی، انہیں عید کی مبارکباد اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ عید کی مبارکباد دینے والے مختلف افراد سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ملک بھر میں عید سوگوار گزری ہے، کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، فلسطین کو 72 سال سے آزادی نصیب نہیں ہوئی، کرونا وائرس نے بہت بڑے انسانی المیے کو جنم دیا ہے، کراچی طیارہ حادثے نے قیامت صغریٰ برپا کر دی ہے، پوری پاکستانی قوم شہدا کے خاندانوں کیساتھ کھڑی ہے اور اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک عرصے سے قوم پر اللہ کی طرف سے مختلف عذاب مسلط ہیں، ٹڈی دل کے حملوں نے فصلوں کو تباہ کردیا ہے، بے وقت بارشوں نے گندم کی فصل کو تباہ کر دیا، جھاڑ بہت کم ہوا ہے، مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آ رہے ہیں، ہمیں اللہ تعالی سے اجتماعی معافی طلب کرنی چاہیے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے، کسی بھی شعبے میں ترقی نہیں ہوئی، وفاقی حکومت کرونا پر یکساں پالیسی تیار نہیں کر سکی، وفاق اور صوبے مختلف موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سوائے اپوزیشن کو دبانے اور دھمکیاں دینے کے کوئی کام نہیں، شوگر مافیا نے حکومت کو گھیر رکھا ہے، شوگر سکینڈل رپورٹ کا مطلب عمران خان کے چہیتوں کو بچانا ہے۔


خبر کا کوڈ: 864788

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864788/سراج-الحق-کا-اعجاز-ہاشمی-کو-ٹیلی-فون-ملکی-صورتحال-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org