1
Tuesday 26 May 2020 17:26

جارح سعودی عرب تاحال ایندھن و خوراک سے بھرے 20 یمنی بحری بیڑے ضبط کر چکا ہے

جارح سعودی عرب تاحال ایندھن و خوراک سے بھرے 20 یمنی بحری بیڑے ضبط کر چکا ہے
اسلام ٹائمز۔ عرب نیوز چینل المسیرہ کے مطابق یمنی بندرگا الحدیدہ نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے تاحال 20 یمنی بحری بیڑے ضبط کئے جا چکے ہیں جن میں 5 لاکھ ٹن سے زائد غذائی سازوسامان اور ایندھن موجود ہے۔ یمنی بندرگاہ نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کی جانب سے ضبط کئے جانے والے بحری جہازوں میں غذائی سامان سے بھرا ایک ایسا بحری بیڑہ بھی موجود ہے جو گزشتہ 2 ماہ سے سعودی عرب کے قبضے میں ہے جبکہ اس کے اندر موجود اشد ضروری غذائی سازوسامان کے تلف ہو جانے کا خطرہ ہے۔ بندرگاہ الحدیدہ نے اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ علاوہ ازیں مکئی اور چینی کے حامل 3 بحری بیڑے بھی ضبط کئے جا چکے ہیں جبکہ جنگ زدہ یمنی عوام کے درمیان غذائی سامان کی شدید قلت ہے۔

یمنی وزارت تیل کے ترجمان امین الشباطی نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ خطے سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے وسیع پھیلاؤ کے باوجود جارح سعودی عرب تیل و خوراک سے بھرے یمنی بحری بیڑوں کو بلاجواز ضبط کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے دوران یمنی عوام کو سہولیات و بنیادی ضرورت کے سامان کی فراہمی میں آنے والے ہر قسم کے تعطل کا ذمہ دار جارح سعودی عرب اور اقوام متحدہ ہیں۔ واضح رہے کہ مغربی حکومتوں خصوصا امریکہ و اسرائیل کی آشیرباد و اسٹریٹجک مدد کے ساتھ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے خلاف 26 مارچ 2015ء کے روز جنگ کا اعلان کر دیا گیا تھا۔ جارح قوتوں کی طرف سے اس جنگ کا مقصد یمن کے سابق صدر عبدربہ منصور ہادی کی مستعفی حکومت کو دوبارہ یمن پر مسلط کرنا بتایا گیا تھا۔ یمن کے خلاف جاری اس جارحیت میں سعودی عرب کے مشرقی و مغربی اسٹریٹیجک پارٹنرز کے علاوہ متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، مراکش، مصر، اردن اور سوڈان کی افواج بھی براہ راست شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 864870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش