1
Tuesday 26 May 2020 18:47
حشد الشعبی پر ممکنہ امریکی حملہ

حشد الشعبی پر حملہ پورے عراق پر حملے کے مترادف ہے، کریم المحمداوی

حشد الشعبی پر حملہ پورے عراق پر حملے کے مترادف ہے، کریم المحمداوی
اسلام ٹائمز۔ عراقی رکن پارلیمنٹ کریم المحمداوی نے لندن سے چھپنے والے عرب اخبار العربی الجدید کو انٹرویو دیتے ہوئے عراقی مزاحمتی فورسز کے خلاف کسی بھی ممکنہ امریکی کارروائی پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دبے لفظوں اور اپنے کھلم کھلا بیانات میں حشد الشعبی کو نقصان پہنچانے کا واضح عندیہ دے چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکہ مختلف حیلوں کے ذریعے حشد الشعبی کو نشانہ بنانے کی کوشش میں ہے کہا کہ حشد الشعبی پر کسی بھی قسم کا حملہ پورے عراق پر حملے کے مترادف ہے کیونکہ حشد الشعبی عراق کی (عوامی مزاحمتی فورس ہونے کے علاوہ) ایک قومی سکیورٹی فورس ہے۔

عراقی سینیئر پارلیمنٹیرین کریم المحمداوی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکہ حشد الشعبی پر حملے کے لئے پل تول رہا ہے، کہا کہ ایسے حملے پہلے بھی ہو چکے ہیں جبکہ یہ نومنتخب عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈپلومیٹک و دوسرے طریقوں سے عراقی سکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کریں۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی کسی بھی عوامی مزاحمتی فورس کو نشانہ بنانے کا اقدام دونوں فریقوں کے درمیان ایک بڑے فوجی تصادم میں بدل سکتا ہے جبکہ ہم کسی کے ساتھ جنگ چھیڑنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام توجہات داعش کے خلاف جنگ پر مرکوز ہونا چاہئیں کیونکہ داعش نے دوبارہ سے اپنی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں۔

عراقی پارلیمنٹ کے رکن کریم المحمداوی نے امریکی افواج کے فوری انخلاء پر مبنی عراقی پارلیمنٹ کی منظور شدہ قرارداد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے عراقی فوجی اڈوں سے اپنے انخلاء پر مبنی عراقی پارلیمنٹ کے فیصلوں پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا جبکہ ہم مستقبل قریب میں ہونے والے مذاکرات کے عملی نتائج کے منتظر ہیں۔ "العربی الجدید" کو انٹرویو دیتے ہوئے حشد الشعبی کی ذیلی بریگیڈ "انصاراللہ الاوفیاء" کے ترجمان عادل الکرعاوی نے بھی اس حوالے سے کہا کہ امریکہ عوامی مزاحمتی محاذ سے جان چھڑوانا چاہتا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مزاحمتی محاذ کا ہدف عالم اسلام میں موجود تمام استکباری و قابض گروہوں کو نشانہ بنانا ہے۔ عادل الکرعاوی نے کہا کہ عوامی مزاحمتی فورسز اپنے اوپر ہونے والے ہر حملے کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں جبکہ عوامی مزاحمتی فورسز کا جواب ان پر ہونے والے حملے سے کئی گنا زیادہ اور سخت ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 864877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش