0
Tuesday 26 May 2020 20:54

صیہونی قوتیں مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے میں مصروف ہیں، صاحبزادہ زبیر

صیہونی قوتیں مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے میں مصروف ہیں، صاحبزادہ زبیر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ قبلہ اول فلسطین میں صیہونی قوتیں مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے میں مصروف ہیں، افسوس عالم اسلام کے مسلم حکمران خواب غفلت کی نیند سو رہے ہیں، امت مسلمہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی دادرسی کرے، جو پچھلے 9 ماہ سے لاک ڈاؤن کا شکار ہیں، بھارتی فوج ایل او سی پر بلااشتعال گولہ بھاری کرکے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے، وقت آگیا ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے حیدرآباد میں عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی دادرسی کرے، جو پچھلے 9 ماہ سے لاک ڈاؤن کا شکار ہیں، بھارتی فوج ظلم اور بربریت کا بازار گرم کئے ہوئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، بھارتی فوج ایل او سی پر بلااشتعال گولہ باری کرکے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے، وقت آگیا ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے اللہ کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہوکر توبہ استغفار کرنے کی ضرورت تھی، مگر افسوس رحمتوں اور برکتوں کے مہینے میں مساجد میں نمازوں پر پابندی لگا دی گئی، نماز جمعہ کے اجتماعات کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن لگایا گیا، نماز تراویح اور شبینہ میں ہونے والی تلات قرآن کو بند کرکے اللہ کے غضب کو مزید دعوت دی گئی، آج عید کے اجتماعات میں مسلمان اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوکر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، توبہ استغفار کریں، اللہ کی رحمت جوش میں آئے گی اور اس ملک بلکہ پوری دنیا سے کورونا کی وباء کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران اللہ کو ناراض اور یہود و نصاریٰ و ہنود کو خوش کرنے میں لگے ہیں، جو اللہ سے جنگ کرتے ہیں، وہ اللہ کی پکڑ میں ضرور آئیں گے، انہیں پھر کہیں پناہ نہیں ملے گی، اب بھی وقت ہے کہ اللہ کے حضور توبہ استغفار کریں اور مصیبت زدہ مسلمانوں کی مدد کریں، طویل لاک ڈاؤن کے سبب غریب کی کمر ٹوٹ چکی ہے، مڈل کلاس ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر روزہ رکھنے اور اللہ کی عبادت کرنے والوں کیلئے انعام کا دن ہے، روزہ داروں اور اللہ کے حضور سجدہ ریز ہونے والوں کو اللہ کی طرف سے مزدوری دی جائے گی، ان کی عبادتوں کے بدلہ انہیں اجر و ثواب دیا جائے گا، جتنے لوگ پورے رمضان میں بخشے گئے ہیں، عید سعید کے دن پورے رمضان میں بخشنے جانے والوں کے برابر اللہ گناہ گاروں کی بخشش فرمائیں گے، اللہ کے حضور توبہ استغفار کرو، اللہ تمہارے سجدہ کے طفیل اگلے اور پچھلے تمام گناہوں کو معاف فرما دے گا۔
خبر کا کوڈ : 864886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش