QR CodeQR Code

پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں چار ہزار 200 کے قریب وینٹی لیٹرز موجود ہیں، جنرل محمد افضل

26 May 2020 21:10

نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا بریفنگ میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ عیدالفطر کے دنوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی ہے، امید تھی کہ لوگ سماجی فاصلوں کو یقینی بنائیں گے اور جاری کردہ تمام احتیاطی تدابیر کا بھی خیال رکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک میں وینٹی لیٹرز کے حوالے سے حالات کنٹرول میں ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں چار ہزار 200 کے قریب وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے ملک میں 128 افراد وینٹی لیٹرزپر ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ 31 مئی تک ہمارے پاس 585 آئی سی یو وینٹی لیٹرزموجود ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا مریضوں کے لیے ابھی تک 50 فیصد سے زائد وینٹی لیٹرز استعمال نہیں ہوئے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ 1310 مزید وینٹی لیٹرزکا آرڈر بھی دیا ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وینٹی لیٹرزکی خریداری میں اسٹاف کی تربیت اور اس کی انسٹالیشن بھی شامل ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ حالات یہی رہے تو جون کے آخر تک دو ہزاروینٹی لیٹرزکی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے بھی 200 وینٹی لیٹرز فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 وینٹی لیٹرز فوری طور پر پشاور کو فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ڈی ایچ  کیو میں 12 وینٹی لیٹرز موجود ہیں اور سوشل میڈیا کی خبریں غلط ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ جن اسپتالوں میں بیڈز کی کمی کی شکایات ہیں وہ ہیلپ لائن پر کال کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شکایات کی صورت میں ہیلپ لائن 111-157-157 پر کال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ساری چیزیں ہم خود بنا رہے ہیں لیکن جو آرڈرز پہلے دے چکے ہیں وہ سامان باہر سے آنا ہے۔ میڈیا بریفنگ میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ عیدالفطر کے دنوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ لوگ سماجی فاصلوں کو یقینی بنائیں گے اور جاری کردہ تمام احتیاطی تدابیر کا بھی خیال رکھیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ کورونا کے علاوہ اس وقت ٹڈی دل کا بھی سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اضلاع میں اس وقت ٹڈی دل سب سے زیادہ فصلوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ٹڈی دل سیاسی مسئلہ نہیں ہے اس لیے میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ آئیں مل کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت فیصل آباد، اوکاڑہ، بھکر اور لیہ میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے تین لاکھ لیٹرز میلاتھون دوا فراہم کی ہے جب کہ جون کے دوسرے ہفتے میں ایک لاکھ لیٹر دوا کا آرڈر ملک میں پہنچ جائے گا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے پوری صلاحیت اور استعداد کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ ایران اور مسقط سے ٹڈی دل داخل ہونے کا خطرہ ہے جس کے انسداد کے لیے ہم نے جہاز کھڑے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے 9 جہازوں کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 864894

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/864894/پبلک-اور-پرائیویٹ-سیکٹر-میں-چار-ہزار-200-کے-قریب-وینٹی-لیٹرز-موجود-ہیں-جنرل-محمد-افضل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org