0
Wednesday 27 May 2020 20:45

کورونا خطرات کے باوجود سندھ حکومت نے شراب خانے کھول دیئے، حامد سعید کاظمی

کورونا خطرات کے باوجود سندھ حکومت نے شراب خانے کھول دیئے، حامد سعید کاظمی
اسلام ٹائمز۔ نظام مصطفیٰ پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیر مذہبی اُمور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے ابھی تک حکومتی سطح پر اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ فیصلہ کرنے والے خود کنفیوژن کا شکار ہیں، کبھی سخت لاک ڈاؤن، کبھی نرمی، کبھی مسجدوں میں نماز اور تراویح ادا کرنے کیلئے بھی ایس او پیز پر سختی سے نفاذ کی کوشش، لیکن حیرت اس بات کی ہے کہ وباء کے بڑھتے ہوئے خطرات کے باوجود سندھ میں شراب خانے کھولنے کی اجازت دیدی گئی۔ اپنے ایک بیان میں حامد سعید کاظمی نے کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم نے بھی شراب کو اُم الخبائث قرار دیا ہے اور دنیا بھر کے تمام طبی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ شراب پینے سے قوت مدافعت کم ہوتی ہے، جگر، دماغ اور دیگر انسانی اعضا پر تباہ کن اثرات ہوتے ہیں، شراب کے عادی افراد مہلک امراض کا جلد شکار ہو جاتے ہیں، اس کے باوجود شراب خانے کھولنے کا حکومتی اقدام کا جواز نظر نہیں آتا۔

حامد سعید کاظمی نے کہا کہ حکمران اللہ کا خوف کریں، شراب کو اللہ نے حرام قرار دیا ہے، اس کی اجازت دے کر ہم خود اللہ تعالیٰ کے احکامات کی خلاف ورزیاں کرکے اللہ کے قہر کو دعوت دے رہے ہیں۔ حامد سعید کاظمی نے مطالبہ کیا کہ شراب خانے فوری بند کئے جائیں اور اس عالمی وباء سے تحفظ کیلئے توبہ و استغفار کی جائے اور اللہ کو ناراض کرنے والے تمام کام فوری بند کرکے اللہ اور اس کے رسولؐ کی خوشنودی کیلئے اللہ کے احکامات اور سنت رسولؐ پر عمل کیا جائے، تاکہ ہم اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے حقدار ٹھہریں۔
خبر کا کوڈ : 865087
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش