QR CodeQR Code

لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کر دیا جائے، تاجر رہنما

سراج قاسم تیلی کا کورونا ایس او پی پر عمل درآمد کیلئے فوج تعیناتی کا مطالبہ

27 May 2020 20:59

اپنے ایک بیان میں معروف تاجر رہنما نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو فوری طور پر ختم نہیں کیا، تو گزشتہ دو ماہ سے جو کاروبار بند ہیں، وہ ہمیشہ کیلئے بند ہو جائیں گے، غربت اور بے روزگاری بڑھنے کی صورت میں عوام کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔


اسلام ٹائمز۔ معروف تاجر رہنما و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی ) سراج قاسم تیلی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کر دیا جائے، تاکہ تمام اقسام کے کاروبار اور صنعتیں بھرپور طریقے سے دوبارہ اپنا کام شروع کرسکیں، انہوں نے حکومت کو فوج تعینات کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ فوج کی موجودگی اور گشت سے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے وضع کیے گئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ ایک بیان میں سراج قاسم تیلی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت شدید بحرانوں کا شکار ہے اور ملک مزید نقصانات کا متحمل نہیں ہو سکتا، لہٰذا یہ انتہائی ضروری ہے کہ وائرس کی موجودگی میں زندگی کی طرف واپس لوٹتے ہوئے معمول کے مطابق تمام کاروبار شروع کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی نگرانی میں کاروبار دوبارہ کھولنے سے کاروبار کو مکمل تباہ ہونے سے بچانے اور عوام کو بھوک و افلاس، غربت اور بے روزگاری سے بچانے میں مدد ملے گی۔

سراج قاسم تیلی نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا بھر میں اپنے نظم و ضبط کی وجہ سے مشہور ہیں، لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ فوج ملک کو بچانے اور عوام کو نظم وضبط کی پابندی کرنے کی ترغیب دینے کیلئے آگے آئے، کیونکہ وطن عزیز کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے ایس او پیز پر عمل درآمد کروانا ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن میں ہمیشہ نہیں رہ سکتے، لاک ڈاؤن کو فوری طور پر ختم نہیں کیا، تو گزشتہ دو ماہ سے جو کاروبار بند ہیں، وہ ہمیشہ کیلئے بند ہو جائیں گے، غربت اور بے روزگاری بڑھنے کی صورت میں عوام کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا، تو یہ کورونا وائرس کے مہلک مرض سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہوگا اور ایسی صورتحال میں لوگ بطور احتجاج سڑکوں پر آجائیں گے، جس سے امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، لہٰذا حکمت کو سمجھداری سے کام لینا ہوگا اور فوج کی تعیناتی پر توجہ دینا ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 865089

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/865089/سراج-قاسم-تیلی-کا-کورونا-ایس-او-پی-پر-عمل-درآمد-کیلئے-فوج-تعیناتی-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org