0
Thursday 28 May 2020 00:59

ٹرمپ کی سوشل میڈیا پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی

ٹرمپ کی سوشل میڈیا پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر امریکا میں قدامت پسند طبقے کی آواز دبانے کا الزام لگاتے ہوئے انہیں نئے ضابطوں کا پابند کرنے یا مکمل بندش کی دھمکی دی ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ریپبلکنز محسوس کرتے ہیں کہ سماجی رابطے کے پلیٹ فورم قدامت پسندوں کی آواز دباتے ہیں۔ انہیں ایسا کرنے دینے سے پہلے ہم ان پر سخت ضابطے لاگو کریں گے یا انہیں بند کردیں گے۔ سوشل میڈیا کے ان پلیٹ فورمز نے 2016 میں ایسی ہی ناکام کوشش کی تھی اور اس بار وہ زیادہ صفائی سے یہ کام کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے 26 مئی کو ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں کیلیفورنیا کے گورنر پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ ڈاک کے ذریعے ووٹ دینے کا انتظامی حکم نامہ جاری کرکے انتخابات میں دھاندلی کرنے کی تیاری کررہے ہیں اور لاکھوں بیلٹ پیپر بغیر کسی تصدیق کے ارسال کرکے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کا آغاز ہوچکا ہے۔

ٹوئٹر نے صدر ٹرمپ کے اس ٹوئٹ پر ’’گیٹ دی فیکٹ‘‘ کی تنبیہ چسپاں کردی، جس پر کلک کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان خلاف واقعہ ہے اور بیلٹ پیپر کی سہولت صرف تصدیق شدہ ووٹرز ہی کو فراہم کی جائے گی۔ عالمی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر کے اس اقدام کے بعد  صدر ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فورمز کے خلاف شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں ںے اپنے ٹوئٹ میں بھی اس پس منظر کا حوالہ دیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاک کے ذریعے دیے گئے ووٹ چوری ہوسکتے ہیں، ان میں جعل سازی اور دھوکا دہی ممکن ہے۔ جو جتنا زیادہ دھاندلی کرے گا وہ جیت جائے گا۔ جس طرح سوشل میڈیا کرتا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کو فوری طور پر اپنا قبلہ درست کرنے کی تنبیہ بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 865138
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش