QR CodeQR Code

بھاجپا حکومت خزانے کا تالا کھول کر غریبوں کو راحت فراہم کرے، سونیا گاندھی

28 May 2020 20:42

ایک ویڈیو پیغام میں کانگریس پارٹی کی صدر کہا کہ معروف لوگوں نے بار بار حکومت سے ان متاثرین کو راحت دینے اور انکے زخموں پر مرہم لگانے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے مزدور، کسان، صنعت کار اور چھوٹے دکاندار سب متاثر ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزی روٹی نہ ملنے سے لاکھوں تارکین وطن کارکنوں کے بھوکے پیٹ اور ننگے پاؤں سینکڑوں کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گھر جانے کا منظر ملک نے دیکھا ہے اور یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اس لئے حکومت کو ہر حال میں خزانے کا تالا کھول کر غریبوں کو راحت دینی چاہیئے۔ سونیا گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کے تمام ساتھیوں کے ساتھ ہی ماہرین اقتصادیات، ماہرین سماجیات اور معاشرے کے معروف لوگوں نے بار بار حکومت سے ان متاثرین کو راحت دینے اور ان کے زخموں پر مرہم لگانے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے مزدور، کسان، صنعت کار اور چھوٹے دکاندار سب متاثر ہیں اور ان کی مدد کی جانی چاہیئے لیکن بھارت کی مرکزی حکومت نے یہ بات سمجھنے اور اس پر توجہ دینے سے انکار کیا ہے اور ان کے زخموں کو اور گہرا کردیا ہے۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ حکومت نے جب یہ مشورہ کو نہیں مانا تو کانگریس نے اس طبقے کی آواز بلند کرنے اور حکومت پر دباؤ بنانے کے لئے سوشل میڈیا پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو پھر سے اپیل ہے کہ خزانے کا تالا کھولے اور ضرورت مندوں کو راحت فراہم کرے۔ کانگریس کی صدر نے کہا کہ ان کی ترجیح مزدوروں کے درد کو کم کرنا ہے اس لئے حکومت مزدوروں کو محفوظ اور مفت سفر کا انتظام کرکے گھر پہنچائے اور ان کے لئے روزی روٹی کا انتظام کرے۔  سونیا گاندھی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کا روزگار چلا گیا ہے، لاکھوں کے کاروبار ٹھپ پڑ گئے، کارخانوں کے بند ہو گئے، کسان کو فصل فروخت کرنے کے لئے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عذاب پورے ملک نے جھیلا ہے مگر شاید حکومت کو اس کا اندازہ ہی نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 865256

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/865256/بھاجپا-حکومت-خزانے-کا-تالا-کھول-کر-غریبوں-کو-راحت-فراہم-کرے-سونیا-گاندھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org