0
Thursday 28 May 2020 18:52

نیب ہر قسم کے دباؤ، دھمکی اور پروپیگنڈا کی پرواہ کیے بغیر فرائض سرانجام دیتا رہے گا، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال

نیب ہر قسم کے دباؤ، دھمکی اور پروپیگنڈا کی پرواہ کیے بغیر فرائض سرانجام دیتا رہے گا، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو نے مختلف مقدمات میں ضمانت پر رہا ملزمان کے خلاف عدالتوں میں اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹبلیٹی، ڈی جی آپریشن نیب اور اتھارٹی کے تمام ڈائریکٹر جنرل نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات اب تک کی پیشرفت، شریف برادران، احد چیمہ، فواد حسن فواد، شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسمٰعیل، احسن اقبال، عمران الحق شیخ اور دیگر کے خلاف اب تک کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جعلی بینک اکاؤنٹس مقدمات میں آصف علی زرداری، عبدالغنی مجید، انور مجید اور دیگر کے خلاف تحقیقات اور ملزمان سے اب تک قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی اور اسے قومی خزانے میں جمع کرانے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب کی 56 کمپنیوں کے مقدمات کی تحقیقات، گندم اور چینی اسکینڈل کی تحقیقات بالخصوص سندھ میں گندم کی چوری اور خوردبرد کے مقدمات میں 10 ارب روپے کی ریکوری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان نیب نے کہا کہ 435 آف شور کمپنیوں میں سیف اللہ برادران، علیم خان اور دیگر کے خلاف اب تک کی تحقیقات، اس کے علاوہ کیپٹن صفدر، مہتاب عباسی، امیر مقام، اکرم درانی اور دیگر کے خلاف تحقیقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ان ملزمان کی قانون کے مطابق گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ چیئرمین نیب کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیب میں جاری شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور تحقیقات کو قانون کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

اسی طرح مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں دائر کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ جو ملزمان نیب کے مقدمات میں ضمانت پر ہیں ان کی ضمانت کے فیصلوں کی مصدقہ نقول کے حصول کے بعد عدالتوں میں اپیلیں دائر کی جائیں گی، تاکہ زیر سماعت مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور قوم کی لوٹی گئی دولت برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی جائیں۔ اس موقع پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے قانون کے مطابق ایک منزل کا تعین کیا ہے جس کا مقصد ملک کو کرپشن فری بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب ہر قسم کے دباؤ، دھمکی اور پروپیگنڈا کی پرواہ کیے بغیر قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے اور دیتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 865282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش