0
Thursday 28 May 2020 21:05

سندھ میں بے روزگاری کی لہر ہے، صوبائی حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے، خرم شیر زمان

سندھ میں بے روزگاری کی لہر ہے، صوبائی حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے، خرم شیر زمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ مسائل ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتے، یہاں روز نئے مسائل کھڑے ہوتے ہیں، نالائق وزیراعلیٰ مسائل حل کرنے کے بجائے تنقید کرتے رہتے ہیں، آصف زرداری اور بلاول زرداری دو ڈھائی ماہ سے غائب ہیں، سندھ کی عوام کا برا حال ہے، سندھ میں بے روزگاری کی لہر ہے، آصف زرداری کہاں ہے، المیہ ہے پی پی پی وزراء ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر شوگر ملز پر بات کر رہے ہیں، ہم لاک ڈاؤن کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں، اب عوام کو لاک ڈاؤن کے خلاف سڑکوں پر آنا ہوگا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ، اراکین قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، عالمگیر خان، آفتاب جہانگیر، جنرل سیکریٹری کراچی سعید آفریدی، ترجمان کراچی جمال صدیقی اور دیگر موجود تھے۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں شام پانچ کے بجتے ہی کاروبار کو بند کردیا جاتا ہے، شام پانچ بجے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ کورونا آزاد ہوجاتا ہے، شام پانچ بجے کے بعد تک پیٹرول پمپس کھولے جائیں، دو ماہ ہونے کو ہے اور تمام پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ مراد علی شاہ کی نالائقیوں کی وجہ سے صوبے بھر میں ہزاروں لوگ روزانہ بےروزگار ہو رہے ہیں، سندھ کی عوام پانی اور معیاری صحت کی سہولیات کے لئے سسک رہے ہیں، کراچی کی عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے، کراچی میں سو سے ڈیڑھ سو غیر قانونی ہائیڈرینٹس لگے ہیں، وہ کس کے ہیں؟ حکومت سندھ صرف کراچی والوں کو بند کرنا جانتی ہے، انکا کراچی والوں سے کوئی واستہ ہی نہیں، سندھ حکومت پانی کا بل معاف کرنے کے بجائے نلکوں میں پانی دے، صوبے بھر میں مہنگائی کی شرح میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، وفاق کا کام یہ نہیں کہ قیمتیں کنٹرول کرے، یہ تمام ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے وزراء کھرب پتی ہوچکے ہیں، میرا سوال ہے شہر میں ڈسٹرکٹس وائز کیوں آئسولیشن وارڈز نہیں بنائے گئے؟ یہاں لوگ کورونا میں مبتلا ہوکر بھی ٹھیک ہو جاتے ہیں، حکومت سندھ کراچی میں لاک ڈاؤن کرکے وفاق کو پریشان کرنا چاہتی ہے، صوبہ سندھ میں مال بنانے کا وقت ہے، سندھ سرکار کے تمام وزراء مال بنانے میں لگے ہوئے ہیں، میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ اب سندھ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 865317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش