0
Friday 29 May 2020 18:28

انصاف کے نظام پر عوام کا اعتماد متزلزل ہوچکا ہے، وزیر اعظم

انصاف کے نظام پر عوام کا اعتماد متزلزل ہوچکا ہے، وزیر اعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف کے موجودہ نظام پر عوام کا اعتماد متزلزل ہوچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت موجودہ دورِ حکومت میں عوام کو انصاف کی سہل اور فوری فراہمی کے لئے کی جانے والی قانونی اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے نظام میں بہتری کے لیے عوام کی توقعات موجودہ حکومت سے وابستہ ہیں۔ معاشرے کے کمزور، بےبس اورلاچار طبقات کی آواز بننا اور ان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انصاف کے موجودہ نظام پر عوام کا اعتماد بہت حد تک متزلزل ہوچکا ہے۔ نظامِ عدل میں پائے جانے والے سقم دور کرنا اور عوام کی آسان، سستے اور فوری انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے۔ فوجداری مقدمات کے نظام میں اصلاحات ، تھانہ کلچر میں تبدیلی، مقدمات کے اندراج، تفتیش، جیلوں میں اصلاحاتی عمل کے حوالے سے بھی روڈ میپ تشکیل دیا جائے۔

وزیرِ اعظم نے وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم، مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور اٹارنی جنرل پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔ انہوں ںے اس کمیٹی کو عوام کی توقعات کے مطابق قانونی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے وقت کا تعین کرکے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جدید فارنزک لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون نے بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ قوانین میں اصلاحاتی عمل اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے جہاں نظام میں بہتری آئے گی وہاں سائلین کو آسان اور فوری انصاف میسر آسکے گا۔ دیوانی ضابطوں میں اصلاحات کے نتیجے میں سال ہا سال سے التوا کا شکار رہنے والے مقدمات کی تکمیل کے لئے ایک وقت مقرر کردیا گیا ہے۔ وزیر قانون نے ضابطۂ فوج داری میں اصلاحات کے حوالے سے بھی اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، پارلیمانی سیکرٹری ملائیکہ علی بخاری و دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 865458
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش