QR CodeQR Code

ٹڈی دل سے ہونے والا نقصان ناقابل تلافی ہے، اعلی عدلیہ ازخود نوٹس لے، ڈاکٹر صفدر ہاشمی

29 May 2020 23:00

جماعت اسلامی ملتان کے امیر کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل نے جنوبی پنجاب سمیت پورے پاکستان میں زرعی صنعت کو نقصان پہنچایا، حکومت اور ادارے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں، یہی حالات رہے تو کورونا سے بدتر بتائج بھگتنا ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کورونا پر قابو پانے میں ناکام رہی اور اس وقت ایک اور عذاب ٹڈی دل کی صورت میں پاکستان کی زرعی صنعت کو نقصان پہنچا رہا ہے، ماہرین نے بہت پہلے اس حوالے سے اپنے شکوک و شبہات بیان کیے لیکن افسوس کہ حکمرانوں کے سر پر جوں تک نہ رینگی۔ آج کسان ڈھول اور ڈرم پیٹ کر ٹڈیوں کو بھگانے کی کوشش کر رہے ہیں، موثر اقدامات کا نہ ہونا حکومت اور اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اگر ہنگامی بنیادوں پر کام نہ کیا گیا تو بھوک افلاس اور قحط کا خطرہ ہے، جس کا اثر نتھیا گلی، لندن اور بڑے محلات میں عید منانے والوں کو نہیں ہونا۔ 

انہوں نے کہا کہ ایک طرف لاک ڈاون میں نرمی کرنے سے کورونا سے ریکارڈ اموات ہو چکی ہیں جو قابل تشویش اور افسوس ہیں، جبکہ حکومت ابھی بھی میں نہ مانوں کی رٹ پر قائم اور آمرانہ سوچ کے ساتھ ملک چلا رہی ہے۔ قومی معاملات پر تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا حکومت کا کام ہے جبکہ حکومت اور اس کے ادارے تن تنہا لڑنے کی کوشش میں بار بار مات کھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلی عدلیہ ٹڈی دل سے ہونے والے نقصانات اور کوتاہی برتنے والے افسران کے خلاف ازخود نوٹس لے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ٹڈی دل کی مزید افزائش کو روکنے کے لیے اس کے لاروے کو بروقت تلف کیا جائے تاکہ برسات میں مزید افزائش کو روکا جاسکے۔ 


خبر کا کوڈ: 865499

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/865499/ٹڈی-دل-سے-ہونے-والا-نقصان-ناقابل-تلافی-ہے-اعلی-عدلیہ-ازخود-نوٹس-لے-ڈاکٹر-صفدر-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org