QR CodeQR Code

جہنم سے نجات اور جنت کا حصول ہی انسان کی اصل کامیابی ہے، محمد حسین محنتی

29 May 2020 23:11

تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر اور مہلت کو آخرت کی تیاری میں لگایا جائے، تو کامیابی یقینی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے، جہنم سے نجات اور جنت کی منزل کا حصول ہی انسان کی اصل کامیابی ہے، ہر جانے والا شخص کل نفس موت  کا پیغام اور آخرت کی تیاری کی یاد دہانی کراتا ہے، اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر اور مہلت کو آخرت کی تیاری میں لگایا جائے، تو کامیابی یقینی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن حدید کراچی میں دیرینہ رکن جماعت اسلامی عبدالوہاب شیخ کے بڑے صاحبزادے ڈاکٹر عبدالفتاح شیخ کی وفات پر منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر عبدالقادر سومرو اور ڈاکٹر عبدالفتاح شیخ حسن اخلاق کا مجسمہ تھے، یکے بعد دیگر ان دونوں مسیحاؤں کی وفات تحریک اسلامی سمیت اہلیان گلشن حدید کا بڑا نقصان ہے، لیکن موت برحق ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ دنیا کی زندگی میں قبر کو سامنے رکھ کر گذارا جائے، تو آخرت کی منزل آسان اور یقینی بن جاتی ہے۔ قبل ازیں مدیر جامعہ تفہیم القرآن شاہ لطیف ٹاؤن مولانا ضیاء الرحمان فاروقی نے درس قرآن دیا مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو نے مرحوم کی مغفرت و درجات بلندی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ اجتماع میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، مقامی ناظم اور جماعت اسلامی و جمعت کے کارکنان سمیت قریبی رشتہ دار و اہل محلہ شریک تھے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عبدالفتاح شیخ کینسر کے مریض تھے، گذشتہ دو دن قبل گلشن حدید میں انتقال کر گئے تھے، ان کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا۔


خبر کا کوڈ: 865503

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/865503/جہنم-سے-نجات-اور-جنت-کا-حصول-ہی-انسان-کی-اصل-کامیابی-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org