1
Friday 29 May 2020 23:48

کرونا وائرس، عالمی ادارۂ صحت نے ہمیں غیر معیاری تشخیصی کٹس ارسال کی ہیں، یمنی وزارت صحت

کرونا وائرس، عالمی ادارۂ صحت نے ہمیں غیر معیاری تشخیصی کٹس ارسال کی ہیں، یمنی وزارت صحت
اسلام ٹائمز۔ یمنی وزارت صحت نے ملک میں پھیلتے کرونا وائرس سے مقابلے کے لئے عالمی ادراۂ صحت کی جانب سے ارسال کی گئی کرونا تشخیصی کٹس کے غیرمعیاری ہونے کی خبر دی ہے۔ عرب نیوز چینل المسیرہ کے مطابق یمنی وزارت صحت نے ملک کے اندر پھیلتے کرونا وائرس کے حوالے سے جاری کئے گئے ایک بیان میں 8 نکات پیش کئے ہیں۔ یمنی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی وباء پھیلنے کے شروع میں ہی وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے مقابلے کے لئے مختلف صوبوں کے اندر کرنطینہ سنٹرز کے قیام سمیت متعدد غیرمعمولی اقدامت کئے گئے ہیں۔ یمنی وزارت صحت نے کہا کہ اس حوالے سے ملکی حالات کے مطابق ایک قابل قدر حکمت عملی اپنائی گئی ہے جس میں دوسرے ممالک کے تجربات سے مکمل فائدہ اٹھانے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

یمنی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے تیسرے نکتے میں کہا گیا ہے کہ متعدد ممالک کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے عوام کے اندر خوف و ہراس پھیلایا گیا ہے جو عوام کے اندر اس بیماری سے مقابلے کے لئے ضروری حوصلے کے کمزور پڑ جانے کا موجب بن رہا ہے اور یہ خود کرونا وائرس سے بھی بڑھ کر خطرناک ہے۔ یمنی وزارت صحت نے موجودہ ملکی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نہ صرف کرونا وائرس سے مقابلے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات ملک پر مسلط کردہ جنگ و سرحدی محاصرے کے باعث یمن کی موجودہ اقتصادی حالت کے ساتھ سازگار ہونا چاہئیں بلکہ اس حوالے سے عوام کو ضروری معلومات اور احتیاطی تدابیر کی تعلیم بھی دی جانا چاہئے۔

یمنی وزارت صحت نے اپنے بیان کے چھٹے نکتے میں عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے یمن کو دی جانے والی کرونا وائرس کی تشخیصی کٹس کے غیرمعیاری ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت کی طرف سے دی جانے والی تشخیصی کٹس کے غیر معیاری ہونے کے باعث یمنی عوام کے کرونا ٹسٹس پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ یمنی وزارت صحت نے کہا کہ اس حوالے سے بعد میں ایک تفصیلی رپورٹ نشر کی جائے گی۔ یمنی وزارت صحت نے اپنے بیان کے آخری حصے میں ملک کے بعض صوبوں میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وزارت صحت اس حوالے سے مکمل نگرانی کر رہی ہے۔ یمنی وزارت صحت نے اپنے بیان میں 24 گھنٹے اور ہفتے کے تمام ایام میں کرونا وائرس سے مقابلہ کرنے والے طبی عملے کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 865512
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش