QR CodeQR Code

سندھ حکومت اسپتالوں میں علاج فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، حافظ نعیم الرحمن

30 May 2020 23:19

ایک بیان میں رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا کام روزانہ مریضوں کی تعداد بتانا نہیں ہوتا، یہ کام تو ایک کلرک بھی کر سکتا ہے، انہیں سرکاری اور پرائیوٹ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد کے حساب سے گنجائش بنانے کے انتظامات پر اپنی صلاحیت اور وقت لگانا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پرائیویٹ و سرکاری اسپتالوں میں گنجائش نہ ہونے کے عذر پر مریضوں کے علاج سے انکار اور مریضوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اسپتالوں میں علاج فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، حکومت بتائے کہ سرکاری اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی گنجائش کتنی ہے اور کورونا کیسز کتنے ہیں؟ حکومت یہ بھی بتائے کہ سرکاری اسپتالوں میں کتنے وینٹیلیٹرز ہیں اور بیرون ملک کے فنڈز سے مزید کتنے وینٹی لیٹرز خریدے؟ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے لئے کیا انتظامات کئے  گئے ہیں، حکومت اس نظام کا واضح اعلان کرے کہ مریض اسپتالوں میں داخلے کے لئے کس فرد یا ادارے سے رجوع کرے نہ کہ خود اسپتالوں میں داخلے کے لئے دھکے کھاتے پھیرے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عام امراض میں مبتلا شہریوں کو بھی اسپتالوں میں داخل نہیں کیا جارہا ہے، شدید افراتفری کا عالم ہے، علاج نہ ملنے سے گھروں پر اموات ہو رہی ہیں، اب فوری ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت ایکسپو سینٹر میں محض گدے ڈال کر قرنطینہ سینٹر قائم کرکے اب صرف باتیں بنا رہی ہے جبکہ اصل ضرورت مرض کی شدت کے وقت آئی سی یو اور وینٹی لیٹرز کی سہولت کی فراہمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا کام روزانہ مریضوں کی تعداد بتانا نہیں ہوتا، یہ کام تو ایک کلرک بھی کر سکتا ہے، انہیں سرکاری اور پرائیوٹ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد کے حساب سے گنجائش بنانے کے انتظامات پر اپنی صلاحیت اور وقت لگانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ دو ماہ کے سخت لاک ڈاؤن کے بعد بھی حکومت عوام کو کوس رہی ہے، تین ماہ سے بھی زیادہ وقت ملنے کے باوجود حکومت مناسب اقدامات میں ناکام نظر آتی ہے، لگتا ہے کہ حکومت میں کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی صلاحیت ہی نہیں، وہ کوئی بھی واضح لائحہ عمل دینے میں قطعا ناکام ہے، 15/ 15 دن کرکے دو مہینے لاک ڈاؤن کے بعد اب اس کی سمجھ میں شاید کچھ بھی نہیں آ رہا جبکہ مشکل کے وقت میں ہی حکومت کی صلاحیت کا امتحان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے مریض کے لئے معلومات اور داخلے کا مکمل نظام حکومت بنانا چاہیئے نہ کہ مریض کے لواحقین تشویشناک حالت میں اپنے مریض کو لئے اسپتالوں کے دھکے کھاتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور سندھ حکومت کے دعوے کراچی کی حد تک قطعاً جھوٹ ہیں، کراچی میں اسپتالوں میں سنگین صورت حال پیدا ہوچکی ہے، ایسا نہ ہو کہ لوگ سندھ حکومت کی ناکامی اور نااہلی سے تنگ آکر شہریوں کی جانیں بچانے کے لئے سندھ حکومت کے متبادل نظام کی بات کرنے پر مجبورہو جائیں۔


خبر کا کوڈ: 865668

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/865668/سندھ-حکومت-اسپتالوں-میں-علاج-فراہم-کرنے-ناکام-ہوگئی-ہے-حافظ-نعیم-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org