QR CodeQR Code

پاراچنار، تاجر برادری کی اپیل پر مارکیٹ مالکان نے پچیس سے لیکر سو فیصد تک کرائے کم کردئیے

31 May 2020 00:09

پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں نے حکومت سے خصوصی ریلیف پیکج دینے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار کی تاجر برادری کی اپیل پر مارکیٹ مالکان نے پچیس سے لیکر سو فیصد تک کرائے کم کردئیے ہیں، تاجر برادری نے کہا ہے کہ وہ مزید لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے، ایس او پیز کے تحت مارکیٹیں کھلی رکھی جائیں۔ پاراچنار میں شہر کے مختلف شعبوں کیلئے بنائی گئی کمیٹیوں کے سربراہوں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تاجر برادری پاراچنار کے صدر حاجی امداد علی، جنرل سیکرٹری عارف حسین، حشمت حسین، فدا حسین، ملک یوسف، اقرار حسین، امجد حسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ان کی اپیل پر پاراچنار بازار کی مختلف مارکیٹوں کے مالکان نے پچیس سے سو فیصد تک کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ تاجر رہنماؤں نے حکومت سے خصوصی ریلیف پیکج دینے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ اس لئے مزید لاک ڈاؤن سے اجتناب کیا جائے کیونکہ کاروباری لوگ اور تاجر برادری مزید لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ تاجر برادری کا کہنا تھا کہ وہ حکومتی احکامات اور ایس او پیز پر بھرپور عمل کررہی ہے اور مستقبل میں بھی عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس او پیز کے تحت کاروبار کھلے رہنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم میں تاجر برادری سمیت غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 865685

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/865685/پاراچنار-تاجر-برادری-کی-اپیل-پر-مارکیٹ-مالکان-نے-پچیس-سے-لیکر-سو-فیصد-تک-کرائے-کم-کردئیے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org