0
Sunday 31 May 2020 01:05

سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کے لئے کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے، فیصل واوڈا

سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کے لئے کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے، فیصل واوڈا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ جن کی صبح دوپہر ایک بجے ہوتی ہے وہ پی آئی اے چیئرمین کے پیچھے پڑے ہیں، طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں کوتاہی یا انسانی غلطی برداشت نہیں کی جائے گی، سندھ کی تقدیر بدلنے کے لئے اٹھارویں ترمیم میں ترمیم کرنی ہوگی، گورنر راج کے نفاذ کے لئے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، کراچی میں 69 غیرقانونی ہائیڈرنٹ ہیں جہاں سے پانی فروخت کیا جارہا ہے، اگر میں چاہوں تو انہیں گرا سکتا ہوں۔ وہ کراچی میں اپنے حلقہ انتخاب میں راشن کی تقسیم کے سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیربرائے آبی وسائل نے کہا کہ اپنے حلقے میں سب سے بڑی راشن کمپئین میں لوگوں تک راش  پہنچا رہے ہیں جس میں عوام کی عزت نفس کا خیال کیا جارہا ہے، ہم سندھ حکومت کی طرح راشن نہیں دے رہے، انسانوں کی خدمت کے لئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ہماری کمیٹی کو ریجیکٹ کیا ہم ان کی سیاست کو ریجیکٹ کرتے ہیں، انہیں سات ارب روپے کی گندم اور ایکسپائر مال کا حساب دینا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ائی اے کی تحقیقات میں ایک مہینہ کا وقت دیا گیا ہے، تحقیقات میں کوتاہی یا انسانی غلطی برداشت نہیں کی جائے گی، جنہوں نے راتوں رات اٹھ ارب روپے ہیلتھ پر خرچ کئے وہ طیارہ حادثہ کو متنازعہ بنارہے ہیں، سندھ حکومت کی نااہلی ہے کہ جہاز حادثے کے لواحقین اپنے پیاروں کی لاش کے لئے پریشان ہیں، سائیں سرکار اب تماشا بند کرے اور لواحقین کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ جنکی صبح دوپہر ایک بجے ہوتی ہے وہ پی آئی اے چئیرمین کے پیچھے پڑے ہیں، طیارے سانحہ کی تفتیشی ٹیم کو وہاں سے ملنے والا تمام تر سامان دیا جا چکا ہے، رپورٹ آتے ہی عوام میں پبلک کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بھاشا ڈیم کی تعمیرات کا کام جاری ہے، کراچی میں پانی کی فراہمی کے لئے سندھ بیراج بنایا جا رہا ہے جس کے لئے 35 کروڑ روپے منظور ہوچکے ہیں اور اسٹڈی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث اپنا ہو یا پرایا کسی کو نہیں چھوڑیں گے، ہم احتساب کے معاملے پر کسی کا گریبان نہیں چھوڑیں گے، چاہے ہمیں وزارت یا صدارت کسی کی بھی قربانی دینا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کا المیہ ہے یہاں احتساب ہوتا نہیں ہے، باہر بھیج دیا جاتا ہے، مریم نواز خاموش ہیں، انکا ٹوئیٹر خاموش ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کے 69 غیر قانونی ہائیڈرنٹ ہیں جہاں سے پانی فروخت کیا جارہا ہے، جیسے مافیا کے خلاف پہلے ایکشن لیا ہے اب بھی دو گھنٹے نہیں لگاؤں گا ایکشن لینے میں، عوام کو پانی نہیں ملا تو شہر میں قائم ہائیڈرنٹس توڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقدیر بدلنے کے لئے اٹھارویں ترمیم میں ترمیم کرنی ہوگی، گورنر راج کے نفاذ کے لئے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، اٹھارہویں ترامیم سے کوئی مسائل نہیں لیکن صوبے کی بہتری کے لئے ہر قدم اٹھائیں گے، حکومت سندھ کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا جائے گا، یہ لوگ بغیر کپڑوں کے تھے جو کمپنی کے مالک بن گئے، سندھ حکومت نے 855 کروڑ کا راشن رات کی تاریکی میں تقسیم کردیا، پیپلز پارٹی نے کمیٹی کو مسترد کیا ہے، ہم انکی تمام ڈیمانڈ کو مسترد کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 865690
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش