0
Monday 1 Jun 2020 21:11

حکومت فوری طور پر اووسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرے، مشتاق احمد خان

حکومت فوری طور پر اووسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرے، مشتاق احمد خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ 90 لاکھ اوورسیز پاکستانی ہیں جن میں سے 30 لاکھ کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے اور سالانہ 20 ارب ڈالر کا زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان کے گاؤں اور دیہاتوں میں غریبوں کے چولہے جلتے ہیں لیکن کرونا کی اس مشکل وبائی صورتحال میں وہ شدید تکلیف، آزمائش اور مصیبت سے دوچار ہیں جبکہ حکومت پاکستان، تحریک انصاف، وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ ان کو بے یار و مددگار چھوڑ کر لوٹنے کے چکر میں ہیں، بجائے ان کو امداد، سپورٹ اور ریلیف فراہم کرنے کے وہ مزید ان کا استحصال اور حق تلفی کر رہے ہیں، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پریس کلب کے سامنے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور حکومت کی ناقص پالیسی اور کارکردگی کے خلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کرونا وباء کی وجہ سے سعودی عرب، امارات، خلیج اور ملائیشیا میں لاکھوں پاکستانی مزدور جن میں سے اکثریت خیبر پختونخوا سے تعلق رکھتی ہے بیروزگار ہو چکے ہیں اور واپس پاکستان آنا چاہتے ہیں لیکن حکومت کی ناقص پالیسی اور حکمت عملی کی وجہ سے وہ وہاں پھنس گئے  ہیں۔ اکثریت کے پاس واپسی کا کرایہ بھی نہیں ہے، بیمار اور بیروزگار ہیں۔ دوسری طرف حکومت نے کرایوں میں کئی گناہ اضافہ کردیا ہے، 650 ریال کا ٹکٹ تین ہزار اور چار ہزار ریال میں بلیک میں فروخت ہو رہا ہے، جس میں پی آئی اے کے اہلکار اور حکومتی نمائندے ملوث ہیں جب کہ پاکستان پہنچنے والے مسافروں کو ایئرپورٹ پر قرنطینہ سنٹر فیس کے نام پر پانچ ہزار روپے فی کس روزانہ کے حساب سے لوٹا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف سعودی عرب میں 200 پاکستانیوں کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں، جن کا وہاں انتقال ہوچکا ہے لیکن ان کے لیے میتوں کو پاکستان بھیجنے کا بھی کوئی انتظام نہیں اور وہاں سرد خانوں میں بھی جگہ نہیں ہے جس کی وجہ سے با امر مجبوری لوگوں نے اپنے ڈیروں میں برف میں لاشوں کو رکھا ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس تمام صورت حال میں وہاں کے سفارت خانے مکمل طور پر پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور اورسیز پاکستانیوں کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے، انہیں ہوائی ٹکٹس میں پچاس فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے، وہاں پر بیمار بزرگ اور خواتین کو اولین ترجیح میں واپس لایا جائے اور بے روزگار مزدوروں کے لیے گزارا الاؤنس فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فورا ً تمام بین الاقوامی ایئر لائنز کو بحال کرے تاکہ واپسی کا عمل جلد از جلد مکمل ہوسکے۔ انہوں نے پشاور باچا خان ایئر پورٹ کو آپریشنل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر ہوا بازی کے اس بیان پر کہ مہنگا ٹکٹ برداشت نہ کرنے والے واپس پاکستان نہ آئیں، تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کو فوراً اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس صورتحال میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اگر فورا ً اقدامات نہ اٹھائے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دینگے۔
خبر کا کوڈ : 865832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش