0
Monday 1 Jun 2020 20:16

لاہور میں کورونا سے 6 لاکھ 70 ہزار افراد متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور میں کورونا سے 6 لاکھ 70 ہزار افراد متاثر ہونے کا خدشہ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری محکمہ صحت پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو لاہور میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال کے حوالے سے سمری ارسال کی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیجی گئی سمری میں بتایا گیا کہ کورونا ہاٹ سپاٹ، رہائشی اور کام کی جگہوں سے سیمپل لیے گئے، عمومی طور پر لیے گئے سیمپلز میں 5 اعشاریہ 18 اور اسمارٹ سیمپلنگ میں 6 اعشاریہ 01 فیصد ٹیسٹ مثبت آئے۔ سمری میں انکشاف کیا گیا کہ تمام سیمپلز میں 6 فیصد کا ٹیسٹ پازیٹیو رہا، بعض ٹاونز میں 7 اعشاریہ 14 فیصد رہا۔ محکمہ صحت کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بھیجی گئی سمری میں لاہور میں کورونا کے اصل نئے مریضوں کا اندازہ 6 لاکھ 70 ہزار لگایا گیا ہے۔

سمری میں انکشاف کیا گیا کہ یہ تناسب لاہور میں خطرناک حد تک دکھائی دیتا ہے، کوئی بھی رہائشی علاقہ یا قصبہ نہیں، جہاں یہ بیماری نہ ہو۔ محکمہ صحت کے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ نے لاہور میں 4 ہفتوں کے مکمل لاک ڈاون کی سفارش کی ہے، سفارش کی گئی ہے کہ 50 سال سے اوپر کے لوگوں کو قرنطینہ میں یا علیحدہ رکھا جائے اور لوگوں کا گھروں میں رہنا لازمی قرار دیا جائے۔ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ماہرین پر مشتمل افراد کی جانب سے سفارشات بھیجی گئی تھیں۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کی سفارشات پر دوسرے محکموں سے بھی رائے لی جائے۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ سفارشات سے پہلے باقاعدہ ٹیسٹ کرنے کی پوری مشق کی گئی، پچھلے دنوں میں مرض کی شدت بڑھنے کے بعد نئے مریضوں کا اندازہ لگانا مشکل تھا۔
خبر کا کوڈ : 865991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش