0
Monday 1 Jun 2020 23:08

مہاجر اتحاد تحریک کا سندھ میں جعلی ڈومیسائل کے اجرا کی تحقیقات کا مطالبہ

مہاجر اتحاد تحریک کا سندھ میں جعلی ڈومیسائل کے اجرا کی تحقیقات کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے وفاقی حکومت اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ سندھ بھر میں ڈومیسائل اور پی آر سی کے اجرا کا اختیار نادرا کو دیا جائے، تاکہ ڈومیسائل کے بنانے کا عمل شفاف طریقے سے کیا جا سکے، کیونکہ گزشتہ 40 سال سے کراچی میں جعلی ڈومیسائل بناکر اندرون سندھ کے لوگوں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں رکھا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سلیم حیدر نے کہا کہ سندھ حکومت متعصبانہ عمل کے ذریعے مہاجروں کو دیوار سے لگا رہی ہے، کراچی کے عوام کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس سے روز نئے نئے نوٹیفکیشن جاری کئے جاتے ہیں، سندھ کے دیہی علاقوں سے لوگوں کو لاکر کراچی اور حیدرآباد میں تعینات کیا جا رہا ہے، جبکہ مقامی افراد کیلئے روزگار اور تعلیم کے دروازے مکمل طور پر بند کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ایما پر اندرون سندھ جعلی ڈومیسائل کا واویلا کرنا چور مچائے شور کے مترادف ہے، خود حکومت اس جعلی مہم کے پیچھے کھڑی ہے اور اس کا مقصد کراچی اور حیدرآباد کی وحدت کو نقصان پہنچانا ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی لاتعلقی نے کراچی، حیدرآباد سمیت شہری علاقوں کے عوام کو سندھ حکومت کے ہاتھوں یرغمال بنوا دیا ہے، ڈومیسائل کا اجراء کو شفاف بنانے کا صرف واحد طریقہ یہ ہے کہ اس کا اختیار نادرا کو دیا جائے، کیونکہ شناختی کارڈ سے لے کر پیدائش اور اموات کے سرٹیفکیٹ تک جب نادرا بنا رہا ہے، تو پھر ڈومیسائل بھی نادرا ہی کے ذریعے بنوائے جائیں، تاکہ جعلسازی کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں اُن افسران کو لگایا گیا ہے، جن کے پاس یہاں کے مقامی ڈومیسائل اور پی آر سی تک نہیں ہیں، اب تک کراچی اور حیدرآباد کے جعلی ڈومیسائل پر جن لوگوں کو ملازمتیں اور داخلے دیئے گئے ہیں، ان کی بھی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 866023
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش