QR CodeQR Code

نواز شریف کی رپورٹس پر کسی انکوائری کی ضرورت نہیں ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد

2 Jun 2020 18:29

نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تمام رپورٹس سرکاری لیب سے جاری ہوئی ہیں اور ان رپورٹس کو میں خود روزانہ چیک کرتی تھی، سرکاری لیبز کی رپورٹس سے نواز شریف کے مرض کی تشخیص ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی رپورٹس پر انکوائری کے معاملے پر دو حکومتی وزراء آمنے سامنے آگئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ فواد چودھری صاحب، آپ کو ہمارے علاج پر اعتماد ہونا چاہیے، نواز شریف کی رپورٹس پر کسی انکوائری کی ضرورت نہیں ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کی تمام رپورٹس سرکاری لیب سے جاری ہوئی ہیں اور ان رپورٹس کو میں خود روزانہ چیک کرتی تھی، سرکاری لیبز کی رپورٹس سے نواز شریف کے مرض کی تشخیص ہوئی، نواز شریف اب بیرون ملک ہیں، رپورٹس وہاں سے آنی ہے۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹوں کی تحقیقات کرائی جائیں، خدشہ ہے عدالتوں سے ریلیف کے لئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس تیار کی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں خدشہ ظاہر کیا لگتا ہے کہ برطانوی لیبارٹریز نے ان کی بیماری کی تصدیق نہیں کی، نوازشریف برطانیہ میں اپنی ٹیسٹ رپورٹس بھی حکومت کے ساتھ شئیر نہیں کررہے۔ خط کے متن میں شامل ہے کہ نواز شریف کی برطانیہ میں تصاویر صاف بتارہی ہیں کہ وہ صحت مند ہیں، لگتا ہے حقائق مسخ کر کے ان کے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کی گئی تھی۔ فواد چوہدری نے لکھا تعین ہونا چاہیے کہ پاکستان میں کس نے ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق کو مسخ کیا، حقائق کا منظر عام پر آنا ضروری ہے اور اس  کیلئے وزیراعظم تحقیقات کا حکم دیں، نواز شریف کی ٹیسٹ رپورٹس کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی بنائی جائے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019ء کو علاج کیلئے لندن گئے تھے۔ لاہور ہائی کورٹ نے انہیں چار ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت تھی۔ لاہور کی حراست میں میاں نواز شریف کی طبیعت 21 اکتوبر کو خراب ہوئی اور ان کے پلیٹیلیٹس میں اچانک غیر معمولی کمی واقع ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیاگیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 866198

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866198/نواز-شریف-کی-رپورٹس-پر-کسی-انکوائری-ضرورت-نہیں-ہے-ڈاکٹر-یاسمین-راشد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org