0
Tuesday 2 Jun 2020 19:07

اسرائیل کیجانب سے مزید 200 فلسطینی تجارتی مراکز کو مسمار کرنیکا اعلان

اسرائیل کیجانب سے مزید 200 فلسطینی تجارتی مراکز کو مسمار کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ عالمی میڈیا کے مطابق غاصب صیہونی رژیم کے ذیلی ادارے "منصوبہ بندی و کنسٹرکشن کمیٹی" نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی شہر مقبوضہ قدس کے علاقے "وادی الجوز" میں واقع 200 فلسطینی تجارتی مراکز کو عنقریب گرا دیا جائے گا۔ عرب ای مجلے العہد کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے اس صیہونی فیصلے کی پرزور مذمت کی گئی ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جانب سے کیا گیا یہ اعلان صرف فلسطینیوں کے ساتھ مخصوص صنعتی زون پر بھی صیہونی قبضے کا اعلان ہے جس میں فلسطینیوں کے تجارتی مراکز، ریسٹورنٹس اور گاڑیوں کی تعمیراتی ورکشاپس موجود ہیں۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم یہودی استعماری ایجنڈے پر عملدرآمد کر کے شہر قدس کی پہچان بدلنا چاہتی ہے۔

دوسری طرف صیہونی میڈیا نے خبر دی ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے مذکورہ علاقے کو خالی کروانے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے اٹھایا گیا یہ فیصلہ "درۂ اردن تک کے فلسطینی علاقے کو اسرائیل کے ساتھ ملحق کرنے کے صیہونی ایجنڈے" کے ساتھ مکمل طور پر سازگار ہے۔ صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ سال 2005ء تا سال 2018ء تک اسرائیلی حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے فلسطینی گھروں کی مسماری کے حکم نامے بھی اسی پروگرام کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ شہر الطیرہ میں گذشتہ روز بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے 4 فلسطینی گھروں کو مسمار کر دیا گیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق گذشتہ روز صیہونی فوجیوں نے 4 فلسطینی گھروں کا محاصرہ کر کے وہاں رہائش پذیر خاندانوں کو نکال باہر کر دیا تھا جبکہ اہل علاقہ اس صیہونی کارروائی سے بالکل بےخبر تھے۔ غاصب صیہونی فوجیوں نے گذشتہ روز علاقے کی ناکہ بندی کر کے بغیر کسی پیشگی وارننگ کے بلڈورزرز کی مدد سے چاروں فلسطینی گھروں کو مسمار کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 866212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش