0
Tuesday 2 Jun 2020 22:26

کیٹرز و میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات، میرج ہال کھولنے کی اپیل 

کیٹرز و میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات، میرج ہال کھولنے کی اپیل 
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کوروناچیلنجز کا پوری دنیا کو سامنا ہے اور اس سے پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی ہے۔ حکومت کورونا سے نٹمنے کیلئے اپنی استعداد سے بڑھ کر کام کررہی ہے، حکومت کی خواہش ہے کہ کورونا سے بھی نمٹا جائے اور عوام کو بھوک سے بھی بچایا جائے۔ حکومت نے کورونا متاثرین کیلئے ایک بہت بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جو ملکی تاریخ کا شفاف ترین امدادی پیکیج ہے۔ مغربی ممالک بھی کورونا سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو سراہا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیٹرزومیرج ہال ایسوسی ایشن ملتان کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر میاں نصرت، جنرل سیکرٹری کاشف ظفر، سرپرست اعلی طارق محبوب اور جمیل احمد نے کی۔ جبکہ اس موقع پر کیٹرز و میرج ہال ایسوسی ایشن ملتان کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ ایسوسی ایشن نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ لاک ڈان کے دوران میرج کلب سے وابستہ کاروبار والے بہت پریشان اور ان کے معاشی حالات انتہائی ناگفتہ ہیں۔ 90فیصد میرج ہال کرائے پر ہیں، کرائے اور ملازمین کی تنخواہیں کہاں سے ادا کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق میرج ہال کھولنے کی اجازت دے۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مطالبات سننے کے بعد کہاکہ حکومت کو لوگوں کے مسائل کا پوری طرح سے ادراک ہے، یہ پابندیاں کورونا وائرس کے مریضوں اور اس سے ہونے والی اموات کے پیش نظر لگائی گئی ہیں، عوام ابھی تک اس وبا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی، نہ ہی حکومتی ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ہر روز کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر یہ حالات رہے تو حکومت کو لاک ڈاون مزید سخت کرنا پڑے گا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کو یقین دلایا اگر آپ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہیں تو میں آج اسلام آباد میں ہونے والے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں آپ کے مسائل اجاگر کروں گا، امید ہے آپ کے جائز مطالبات کی شنوائی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 866251
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش