QR CodeQR Code

حکومت خلیفہ عمر بن عبدالعزیز کے مقبرے کی بیحرمتی کو غلط رنگ دینے پر نوٹس لے، زاہد اخونزادہ

2 Jun 2020 22:27

ایک بیان میں علامہ ساجد نقوی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بعض عناصر کی جانب سے کیا جانے والا فرقہ وارانہ پروپیگنڈا وطن عزیز پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کو سبوتاژ کرنے کے مترداف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان زاہد علی آخونزادہ نے خلیفہ عمر بن عبدالعزیز کے مقبرے کی بے حرمتی کے واقعے کو بعض عناصر کی جانب سے غلط رنگ دے کر پیش کرنے کو معنی خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حربے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ اس کا فوری نوٹس لے کر ایسے عناصر کو سوشل میڈیا پر ان منفی حرکات سے باز رکھے تاکہ ملک کو بدامنی سے بچایا جا سکے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خلیفہ عمر بن عبد العزیز کے مقبرے کا واقعہ 29 جنوری 2020 کا ہے، جو شام میں باغیوں اور بشارالاسد حکومت کی جھڑپوں کے بعد باغیوں نے ادلب چھوڑتے وقت انتقاماً انجام دیا اور اس واقعے کی پہلے اور اب بھی ملت اسلامیہ کے تمام جید فقہاء نے نہ صرف مذمت کی بلکہ او آئی سی سے اس واقعے کی شفاف، غیر جانبدار قابل قبول تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا، تاہم اس واقعے کو اب دوبارہ اٹھا کر عوام کے جذبات کو بھڑکانا معنی خیز اور قابل مذمت ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ مشترکات کے داعی ہونے کے ناطے علامہ سید ساجد علی نقوی نے مقابر و مزارات کی بے حرمتی کو ادیان اور اخلاقیات کی نفی سے تعبیر کرتے ہوئے اس امر کو اسلامی اقدار کے بھی منافی قرار دیا ہے، لہذا سوشل میڈیا پر بعض عناصر کی جانب سے کیا جانے والا فرقہ وارانہ پروپیگنڈا وطن عزیز پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کو سبوتاژ کرنے کے مترداف ہے، جس کا حکومت کو فوری نوٹس لے کر ان عناصر کو ایسی منفی حرکات سے باز رکھنا چاہیے۔ زاہد علی آخونزادہ نے اہل اسلام سے اپیل بھی کی کہ وہ اتحاد امت کو مزید فروغ دے کر وطن عزیز پاکستان کو فرقہ واریت کی بھینٹ چڑھانے کی ان مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 866253

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866253/حکومت-خلیفہ-عمر-بن-عبدالعزیز-کے-مقبرے-کی-بیحرمتی-کو-غلط-رنگ-دینے-پر-نوٹس-لے-زاہد-اخونزادہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org