QR CodeQR Code

امریکہ ہمسایہ ممالک کے اندر ہمارے خلاف دہشتگردوں کو تربیت دے رہا ہے

ایران کیخلاف ہونیوالی کسی بھی جارحیت کا متناسب اور بھرپور جواب دینگے، بریگیڈیئر جنرل پاک پور

2 Jun 2020 23:04

اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلاب گارڈز سپاہ پاسداران اسلامی کی زمینی فورسز کے کمانڈر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گو کہ مائیک پمپیو نے گذشتہ سال یہ کہہ دیا تھا کہ اب امریکہ ایران مخالف گروہوں کی کسی قسم کی مدد نہیں کریگا تاہم جاری سال کے آغاز سے ہی امریکہ نے ہمسایہ ممالک کے اندر ایران مخالف دہشتگردوں کی عسکری تربیت پر مبنی ایک وسیع پروگرام شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کیخلاف ہونیوالی جارحیت کی قسم اور اسکے بلاواسطہ یا بالواسطہ ہونیکا کوئی فرق نہیں اور دشمن بخوبی جانتا ہے کہ ہر قسم کی جارحیت کا متناسب جواب ہر دم ہمارے اختیار میں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلاب گارڈز سپاہ پاسداران اسلامی کی زمینی فورسز کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد پاک پور نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ سمیت تمام دشمن وطنِ عزیز کو ہر قسم کا نقصان پہنچانے کے لئے مسلسل منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔ سپاہ پاسداران اسلامی کی زمینی فورسز کے کمانڈر نے کہا کہ دشمن آج ملک کے اندر موجود امن و امان کی اعلی فضا کو ہر قیمت پر خراب کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ (امریکی وزیر خارجہ) مائیک پمپیو نے گذشتہ سال یہ کہہ دیا تھا کہ اب امریکہ ایران مخالف گروہوں کی کسی قسم کی مدد نہیں کرے گا تاہم جاری سال کے آغاز سے ہی امریکہ نے ہمسایہ ممالک کے اندر ایران مخالف دہشتگردوں کی عسکری تربیت پر مبنی ایک وسیع پروگرام شروع کر رکھا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل محمد پاک پور نے کہا کہ گذشتہ سال امریکہ کی طرف سے دہشتگرد گروہوں کی مدد نہ کئے جانے پر مبنی بیان کا سبب یہ تھا کہ (عراق میں موجود امریکی فوجی اڈے) عین الاسد پر ایرانی کارروائی کے بعد امریکیوں کی توقع یہ تھی کہ دہشتگرد گروپس ایران کے خلاف اپنی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے ایرانی شہروں اور سرحدی علاقوں کو نشانہ بنا کر ملکی امن و امان تباہ کر دیں گے لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے دہشتگردوں کی تمام کارروائیاں شروع ہونے سے قبل ہی ایرانی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ناکام بنا دی گئیں۔ سپاہ پاسداران کی زمینی فورسز کے کمانڈر نے ایران کے خلاف ہونے والی دہشتگرد کارروائیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال دہشتگرد گروہوں کی جانب سے ایرانی شہروں اور سرحدی علاقوں کو نشانہ بنانے کی وسیع منصوبہ بندی بھی کی گئی تھی تاہم ان کی تمام کوششوں کو شروع ہونے سے قبل ہی ناکام بنا دیا گیا۔

ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کی زمینی فورسز کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد پاک پور نے ایرانی فورسز کی صلاحیتوں اور ان کے ہر پل تیار رہنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن و امریکی حکام ایرانی فورسز کی طاقت سے بخوبی واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف انجام دی جانے والی کسی بھی قسم کی جارحیت پر ہمارا جواب بھرپور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف ہونیوالی جارحیت کی قسم اور اس کے بلاواسطہ یا بالواسطہ ہونے کا کوئی فرق نہیں اور دشمن بخوبی جانتا ہے کہ ہر قسم کی جارحیت کا متناسب جواب ہر دم ہمارے اختیار میں ہے۔


خبر کا کوڈ: 866261

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866261/ایران-کیخلاف-ہونیوالی-کسی-بھی-جارحیت-کا-متناسب-اور-بھرپور-جواب-دینگے-بریگیڈیئر-جنرل-پاک-پور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org