QR CodeQR Code

پاکستان بھر میں 15 سے 20 لاکھ افراد کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں، صدر عارف علوی

2 Jun 2020 23:36

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل کرنا ناگزیر ہوتا ہے، احتیاطی تدابیر کیلئے لوگوں کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، وائرس ایک آدمی سے 3 لوگوں کو لگ سکتا ہے، جو انتہائی تشویشناک بات ہے، بزرگوں کو اس سے زیادہ خطرہ ہے، انہیں احتیاط کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ 10 مئی کو کورونا میں مبتلا 6 لاکھ 10 ہزار افراد کا تخمينہ تھا، تاہم اب لاہور ميں 15 سے 20 لاکھ افراد کووڈ 19 کا شکار ہوسکتے ہيں، مہلک بیماری کے معیشت پر بھی منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ شوگر مافیا کے معاملے کو کھولا ہے تو منطقی انجام تک جانا چاہیئے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال، اس کے معیشت پر اثرات، ٹڈی دل کے حملے، چینی بحران پر حکومتی اقدامات سمیت دیگر اہم معاملات پر اظہار خیال کیا۔

عارف علوی نے کورونا وائرس کی وباء کے بارے میں آگاہی کا کریڈٹ میڈیا کو دیتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر عمل کرنا ناگزیر ہوتا ہے، احتیاطی تدابیر کیلئے لوگوں کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وائرس ایک آدمی سے 3 لوگوں کو لگ سکتا ہے، جو انتہائی تشویشناک بات ہے، بزرگوں کو اس سے زیادہ خطرہ ہے، انہیں احتیاط کی ضرورت ہے، لاہور ميں 15 سے 20 لاکھ افراد کورونا کا شکار ہوسکتے ہيں، ملک بھر میں 10 مئی کو 6 لاکھ 10 ہزار کورونا مریضوں کا تخمينہ تھا، پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 76 ہزار 227 ہے جبکہ 1599 افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں، جن میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، سیاستدان بھی شامل ہیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ معیشت پر بھی کورونا وائرس کے منفی اثرات پڑ رہے ہیں، ٹیکس وصولی میں 25 سے 30 فیصد کمی واقع ہوگئی، ٹڈی دل کے حملے سے کاٹن کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے، پاکستان میں کورونا وائرس سے شرح اموات 0.03 فیصد ہے، جو تاحال اچھی خبر ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس پھیپھڑوں کے ساتھ ساتھ دل کو بھی نقصان پہنچاتا ہے، حکومت نے ہر آدمی کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے، دنیا بھر میں کورونا کے حوالے سے سب کی پالیسی مختلف ہے، پاکستان اچھی سمت میں جارہا ہے، معیشت کا کھلنا بہت زیادہ ضروری ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شوگر مافیا کے معاملے کو کھولا ہے تو منطقی انجام تک جانا چاہیئے، ماضی میں شوگر مافیا کے خلاف احتجاج کرچکا ہوں، شوگر مافیا کو سبسڈی دی جاتی تھی یہ نیچے فائدہ نہیں دیتے تھے، شوگر مافیا ہمیشہ استحصال کرتا ہے۔ عارف علوی نے مزید کہا کہ ریجنل مسلم ہیروز کو اجاگر کرنے کیلئے ڈرامہ نگاروں سے بات کی ہے، پاکستانی انڈسٹری بہت اچھے ڈرامے بنا سکتی ہے، حکومت، فوج اور عدلیہ تینوں ادارے پاکستان کیلئے اکٹھے ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ رویئے کو خطرناک قرار دیتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بڑھ گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 866270

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866270/پاکستان-بھر-میں-15-سے-20-لاکھ-افراد-کورونا-کا-شکار-ہوسکتے-ہیں-صدر-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org