0
Wednesday 3 Jun 2020 01:34

وفاقی حکومت کا کورونا وائرس اور ٹڈی دل سے متعلق غیرسنجیدہ رویہ بہت خطرناک ہے، بلاول

وفاقی حکومت کا کورونا وائرس اور ٹڈی دل سے متعلق غیرسنجیدہ رویہ بہت خطرناک ہے، بلاول
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کے زندگیوں کے بجائے معیشت کو بچانے کے بیانیہ پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ زندگیاں بچانے کیلئے صحت کی سہولیات بھی فراہم کرے اور معیشت کو بھی بچائے، وفاقی حکومت کا کورونا وائرس اور ٹڈی دل سے متعلق غیرسنجیدہ رویہ بہت خطرناک ہے، سندھ حکومت کورونا وائرس سے عوام کے بچاؤ اور ٹڈی دل کے خاتمے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے ویڈیو لنک کے ذریعہ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی چیئرمین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب سے لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی، سینکڑوں بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں کورونا وائرس کے حوالے سے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتا ہوں، باوجود رکاوٹوں اور مخالفین کی جانب سے الجھاؤ پیدا کرنے کے سندھ حکومت نے وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے سخت اقدامات کئے، مخالفین کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کو نظرانداز کرکے سندھ حکومت کورونا وائرس کے حوالے سے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار نہیں کرسکتی ہے، ملک میں ٹڈی دل کے حملوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پروگرام پر عمل درآمد میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے ملک میں ایک خطرناک قحط کی صورت حال پیدا کرسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 866282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش