QR CodeQR Code

جہاں مزدورں کی حق تلفی کی جائے گی وہاں آواز بلند کریں گے، خرم شیر زمان

3 Jun 2020 01:40

کراچی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ورکرز کے بغیر کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، ہم مشکل حالات میں واٹر بورڈ کے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمین کو ان کے جائز حق سے محروم نہ کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی آبکار ورکر یونین کے چیئرمین سید رشید احمد نے وفد کے ہمراہ انصاف ہاؤس کراچی میں ملاقات کی اور واٹر بورڈ میں درپیش ورکرز کے مسائل سے خرم شیر زمان کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی لیبر ونگ کے سابقہ صدر سربلند خان بھی موجود تھے۔ وفد کا کہنا تھا کہ تھا کہ ان مشکل حالات میں بھی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ورکرز شہریوں کو پانی کی سپلائی یقینی بنانے کے لئے دن رات محنت کرتے رہے ہیں لیکن انتظامیہ ملازمین کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے، واٹر بورڈ کے ملازمین کو سالانہ لیوانکیشمنٹ جو ہر سال رمضان کے مہینے میں دیا جاتا تھا وہ اس بار نہیں ملا۔ واٹر بورڈ یونین کے وفد نے خرم شیر زمان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں اور ملازمین کو ان کا حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر خرم شیر زمان نے واٹر بورڈ ملازمین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ نا انصافی کے خلاف آواز بلند کی ہے، مزدوروں کو ان کا جائز حق ملنا چاہیئے، جہاں مزدورں کی حق تلفی کی جائے گی وہاں پاکستان تحریک انصاف ہر پلیٹ فارم پر ان کے حق میں آواز بلند کرے گی، کسی بھی ادارے کے لئے اس کے ورکرز ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، ورکرز کے بغیر کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، ہم مشکل حالات میں واٹر بورڈ کے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمین کو ان کے جائز حق سے محروم نہ کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 866284

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/866284/جہاں-مزدورں-کی-حق-تلفی-جائے-گی-وہاں-آواز-بلند-کریں-گے-خرم-شیر-زمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org